news
English

کیا آج کا موسم امریکااور آئرلینڈ کا میچ ہونے کی اجازت دے گا؟

فلوریڈا کے لاڈرہل کے سینٹرل بروورڈ پارک اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے میچز بارش کے خطرے سے دوچار ہیں۔

کیا آج کا موسم امریکااور آئرلینڈ کا میچ ہونے کی اجازت دے گا؟

فلوریڈا میں امریکہ اور آئرلینڈ کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کے شیڈول میچ کے لیے آج کی موسم کی اپ ڈیٹ جاری کردی گئی۔ 
امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈکپ کے فلوریڈا میں شیڈول میچز بارش کی نذر ہونے خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس کی زد میں پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان شیڈول میچ بھی آسکتا ہے۔ 
امریکی ریاست فلوریڈا کے جنوبی حصے میں لگاتار بارش اور سیلاب کی وجہ سے ریاست میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے اور ریکارڈ  بارش کی وجہ سے جنوبی فلوریڈا میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے جبکہ مزید بارشوں  کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 
فلوریڈا کے لاوڈرہل کرکٹ اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں پانی جمع  ہوگیا، جس کے نتیجے میں امریکا اور آئرلینڈ کا آج شیڈول میچ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور دوسری جانب بارشوں  سے پاکستان ٹیم کی رہی سہی امیدوں پر بھی پانی پھر سکتا ہے۔
  
مقامی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوبی فلوریڈا میں آج مزید شدید بارش کی توقع ہے، جمعرات کو لگاتار بارش سے سیلابی صورت حال کے باعث ٹریفک متاثرہوا جبکہ بارش کے پانی میں کاریں تیرنے لگیں اور بعض مکانات ڈوب گئے جبکہ موسلا دھار بارش کا ایک چھوٹا سا دورانیہ بھی مزید سیلاب کا باعث بن سکتا ہے۔ 
امریکی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ متاثرہ سیلابی علاقوں میں مزید بارش سے سیلاب آسکتا ہے اور شہری سیلاب کے خطرات کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔  
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے پانی میں پیدل چلنے یا گاڑیوں میں داخل ہونے سے گریز کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔ 
خیال رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان گروپ اے کا آخری میچ لاوڈرہل اسٹیڈیم میں 16 جون کو کھیلا جائے گا جہاں بارش کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل جائے گا، جس سے پاکستان کو دوسرے مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے مشکل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔  
اس سے قبل لاوڈر ہل میں امریکا اور آئرلینڈ کا میچ آج شیڈول ہے اگر یہ میچ بارش کی وجہ سے ممکن نہیں ہوا تو دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ مل جائے گا یا امریکا جیت جاتا ہے تو پاکستان ایونٹ سے باہر ہوجائے گا لیکن اگر آئرلینڈ کی ٹیم کو امریکا کے خلاف کامیابی ملتی ہے تو اس صورت میں پاکستان کے دوسرے مرحلے تک رسائی کے لیے 16 جون کو آئرلینڈ کو ہر صورت شکست دینا ہوگی۔ 

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت گروپ اے میں بھارت ابتدائی تینوں میچوں میں کامیابی کے ساتھ 6 پوائنٹس حاصل کرکے پہلے نمبر پر موجود ہے، امریکا 3 میچوں میں سے دو میں فتح اور ایک شکست کے ساتھ 4 پوائنٹس حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان کو اب تک صرف ایک میچ میں کامیابی ملی ہے اور دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے تاہم گرین شرٹس کا نیٹ رن ریٹ امریکا سے بہتر ہے۔