news
English

پاکستان، آئرلینڈ ٹی 20 سیریز: عامر کی شرکت غیریقینی کا شکار

پاکستان کا 17 رکنی اسکواڈ آج آرام کرے گا اور کل یعنی جمعرات کو اپنا پہلا ٹریننگ سیشن شروع کرے گا۔

پاکستان، آئرلینڈ ٹی 20 سیریز: عامر کی شرکت غیریقینی کا شکار

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کے آئرلینڈ پہنچتے ہی فاسٹ بولر محمد عامر کی شرکت غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوگئی کیونکہ پیسر ابھی تک ویزہ کے مسائل میں الجھے ہوئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق ٹی 20 سیریز کھیلنے کے لیے قومی اسکواڈ آئرلینڈ پہنچ چکا ہے جہاں پاکستان کا 17 رکنی اسکواڈ آج آرام کرے گا اور کل یعنی جمعرات کو اپنا پہلا ٹریننگ سیشن شروع کرے گا تاہم ویزا مسائل کے باعث قومی ٹیم کے پیسر محمد عامر کی آئرلینڈ کی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ پاکستان 10 مئی کو ڈبلن میں پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گا۔  
پاکستان کے تیز گیند باز محمد عامر نے منگل کی صبح ملک سے روانہ ہونے والی کرکٹ ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کیا اور منگل کو ای ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بائیں ہاتھ کے کھلاڑی کے ویزا کی حیثیت کے بارے میں ابھی تک کوئی وضاحت سامنے نہیں آسکی ہے۔ 32 سالہ عامر گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران چار سال کی غیر حاضری کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئے جہاں انہوں نے 4 میچوں میں حصہ لیا۔ انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جس کا اعلان رواں ماہ کے شروع میں کیا گیا تھا۔ محمد عامر برطانوی شہری نرجس سے شادی کی وجہ سے برطانیہ کے مستقل رہائشی بن گئے تھے۔ وہ 2018ء میں پہلے ہی آئرلینڈ کا دورہ کر چکے ہیں لیکن اس سال انہیں ویزا نہیں ملا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کرکٹ آئرلینڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے کیونکہ بورڈ کا خیال ہے کہ ویزے کے بروقت اجراء کو یقینی بنانا میزبانوں کی ذمہ داری ہے۔
پاکستان کے مینیجمنٹ ممبر محمد یوسف کا ویزا بھی تاخیر کا شکار ہوا لیکن انہیں ٹیم کے ساتھ سفر کرنے کے لیے بروقت مل گیا۔ پی سی بی اور عامر دونوں ویزے کا انتظار کرتے رہے کیونکہ پاکستانی اسکواڈ کی بدھ کی صبح ڈبلن میں لینڈنگ متوقع ہے۔ وہ وہاں تین ٹی ٹونٹی میچ کھیلیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے دورہ آئرلینڈ کے اختتام کے بعد وہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء شروع ہونے سے پہلے چار میچوں کی ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کے لیے برطانیہ جائیں گے، جہاں ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستان کے 18 رکنی اسکواڈ کو کم کرکے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل کیا جائے گا اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے حتمی پلیئنگ اسکواڈ کا اعلان بھی کیا جائے گا۔