news
English

پاکستان انڈر 19 ٹیم کا دورہ سری لنکا منسوخ

صورت حال میں بہتری کے بعد سیریز کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جاسکتا ہے

پاکستان انڈر 19 ٹیم کا دورہ سری لنکا منسوخ تصویر: آئی سی سی

لاہور: پاکستان انڈر 19 ٹیم کا دورہ سری لنکا منسوخ ہوگیا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیا۔ قومی اسکواڈ نے 30 اپریل کو کولمبو روانہ ہونا تھا، اس دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان  2 چار روزہ اور 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز طے تھی تاہم سری لنکا میں  دہشت گردی کے واقعات کے بعد کولمبو کے بعض علاقوں میں  کرفیو نافذ ہے۔جس نے سری لنکا میں کرکٹ کی سرگرمیوں کو بھی معطل کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دہشت گردی کے واقعات کے بعد سری لنکن بورڈ سے سیریز کے حوالےسے رائے مانگی تھی، ذرائع کے مطابق لنکن بورڈ نے جواب بجھوایا ہے کہ موجودہ صورت حال میں سیریز کے لیے تیار نہیں اور نہ ہی  اس وقت حالات موزوں ہیں۔ صورت حال میں بہتری کے بعد سیریز کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیاجاسکتا ہے۔