news

دوسرے ون ڈے میں سری لنکا نے بھارت کو 32 رنز سے ہرادیا

جیفری وندرسے کی شاندار بولنگ نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میں بھارت پر برتری دلائی۔

دوسرے ون ڈے میں سری لنکا نے بھارت کو 32 رنز سے ہرادیا

دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں سری لنکا نے بھارت کو 32 رنز سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ 
اتوار کےروز کولمبوکے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے بھارت کو جیت کے لئے241 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 42.2 اوورز میں 208 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 
سری لنکا کی طرف سے جیفری ویندرسے نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 33 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ چارتھ اسالنکا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 

بھارت کی طرف سے روہت شرمانے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے، اکشر پٹیل 44، شبھمن گل 35، واشنگٹن سندر 15 اور ویرات کوہلی 14 رنز بناسکے، ان کے علاوہ کوئی بھارتی بیٹر ڈبل فگرز میں داخل نہیں ہوسکا۔ 
قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے تھے۔ اویشکا فرنینڈو40 اور کمندو مینڈس بھی 40 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ دونتھ ویلالج نے 39 رنز بنائے، کشال مینڈس 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ 
بھارت کی طرف سے واشنگٹن سندر نے 3، کلدیپ یادو نے 2 جبکہ اکشر پٹیل اور محمد سراج نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
یاد رہے کہ بھارت اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ٹائی ہوگیا تھا، سیریز کا تیسرا اور آخری میچ بدھ کےروز کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔