news
English

سری لنکن کھلاڑی وینندوہسارنگا بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریزسےباہر

یہ فیصلہ ہسارنگا کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے اعلان کے ٹھیک ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔

سری لنکن کھلاڑی وینندوہسارنگا بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریزسےباہر

بنگلہ دیش سے ہارنے کے بعد سری لنکن کھلاڑی وینندوہسارنگا پر پابندی عائد کردی گئی۔ یہ فیصلہ ہسارنگا کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے اعلان کے ٹھیک ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد سری لنکا کو ایک اور زوردار جھٹکا لگ گیا۔ 
آل راؤنڈر وینندو ہسارنگا بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ انہیں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مجرم قراردیا گیا ہے۔ 
ہسارنگا کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال فارمیٹ سے ریٹائرہونےکے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔ 
بنگلہ دیش کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ایک روزہ میچز کی سیریز میں تیسرے ون ڈے کے دوران ہسارنگا کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کرنے کا قصوروار پایا گیا جو کہ "ایک بین الاقوامی میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر اختلاف ظاہر کرنے” سے متعلق ہے۔
یہ واقعہ میچ کے37ویں اوور میں اُس وقت پیش آیا جب ہسارنگا نے امپائر سے اس کی کیپ چھین لی اور میچ میں ہونے والی امپائرنگ کا مذاق اڑایا جبکہ بنگلہ دیش نے یہ میچ  چار وکٹوں سے جیت کرسیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہسارنگا کو تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل فروری میں افغانستان کے خلاف میچ کے دوران اسی طرح کے اقدام پر انہیں دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے معطل کردیا گیا تھا۔