news
English

وسیم خان نے اننگزجاری رکھنے کی تیاری کرلی

ذرائع کے مطابق احسان مانی اپنی ٹیم کو بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں

وسیم خان نے اننگزجاری رکھنے کی تیاری کرلی فوٹو: ای سی بی

وسیم خان نے بھی پی سی بی میں اپنی اننگز جاری رکھنے کی تیاری کر لی۔

6 دسمبر 2018 کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے برطانوی نژاد وسیم خان کا بطورمنیجنگ ڈائریکٹر  (ایم ڈی) تقرر کیا تھا، ان کے 3 سالہ معاہدے کا آغاز یکم فروری 2019 کو ہوا، بعد میں عہدے کو چیف ایگزیکٹیو آفیسر کا نام دے دیا گیا۔

انھوں نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے سابق بورڈ حکام کے کام کوآگے بڑھایا، البتہ نئے ڈومیسٹک سسٹم سمیت پی ایس ایل مسلسل 2 برس درمیان میں رکنے سے ان کی ساکھ کو بڑا نقصان پہنچا، معاہدے کے تحت وسیم خان اختتام سے ایک برس قبل  توسیع کیلیے اپنی دلچسپی ظاہر کر سکتے ہیں۔

رواں برس فروری میں کراچی میں منعقدہ اجلاس کے دوران ان کو توسیع دینے پر بات چیت کا امکان تھا، مگر چیئرمین احسان مانی نے اپنی ایکسٹینشن  تک معاملے کو روک دیا تھا، ان کا تین سالہ کنٹریکٹ ستمبر کے اوائل میں ختم ہوگا مگر رپورٹس کے مطابق انھیں وزیر اعظم ہاؤس سے مزید تین برس کام جاری رکھنے کا  گرین سگنل مل چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق احسان مانی اپنی ٹیم  کو بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں، وسیم خان کی بعض قریبی شخصیات نے کچھ عرصے قبل دعویٰ کیا تھا کہ چیئرمین کی حد سے زیادہ مداخلت کی وجہ سے وہ توسیع نہیں لینا چاہتے، البتہ بورڈ ذرائع اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ سی ای او کو اتنی زبردست ملازمت اور تنخواہ کہیں نہیں مل سکتی، وہ  مزید چند برس پی سی بی میں رہنے کا ذہن بنا چکے ہیں، اگلے سال بھی کئی بڑی ٹیموں کو پاکستان آنا ہے، فیصلوں میں تسلسل کے لیے وسیم ذمہ داری نبھاتے رہنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ وسیم خان کی فیملی کچھ عرصے قبل لاہور سے واپس برطانیہ منتقل ہو گئی تھی، مگرکوویڈ کے دنوں میں ’’ورک فرام ہوم‘‘ کی پالیسی کا سی ای او کو بہت فائدہ ہوا اور  وہ اکثر انگلینڈ چلے جاتے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ گورننگ بورڈ کی اگلی میٹنگ میں وسیم خان کی توسیع کا معاملہ بھی زیرغور آ سکتا ہے،اس وقت تک احسان مانی کی ایکسٹینشن کا اعلان بھی ہو چکا ہوگا۔