news
English

شاہین آفریدی کو صرف ایک اچھی اننگز کی ضرورت ہے، وسیم اکرم

شاہین اچھی بولنگ کررہا ہے، پریشر لینے کی ضرورت نہیں، اسے صرف ایک اچھی اننگز واپس فارم میں لے آئے گی، سابق کپتان

شاہین آفریدی کو صرف ایک اچھی اننگز کی ضرورت ہے، وسیم اکرم

سوئنگ کے سلطان اور قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم فارم کی بحالی کے لئے قومی ٹیم کے پیسر شاہین آفریدی کی رہنمائی کرنے لگے۔ کہتے ہیں کہ شاہین اچھی بولنگ کررہا ہے، اسے چاہیے کہ دبائو لینے اور کچھ بھی غیرمعمولی کرنے کی کوشش نہ کرے، ایک اچھا اسپیل اور نئی گیند کے ساتھ وکٹوں کا حصول اسے فارم میں واپس لے آئے گا۔   
پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر وسیم اکرم نے قومی اسپیڈ اسٹار شاہین آفریدی کو اہم مشورہ دے دیا۔
یاد رہے کہ شاہین آفریدی نے اب تک آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے میچز کے دوران تین اننگز میں صرف چار وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن ان کی اوسط 34.75 اور اکانومی ریٹ 6.31 ہے۔ وسیم اکرم نے ایک مقامی اسپورٹس چینل پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شاہین اچھی بولنگ کر رہا ہے۔ ظاہر ہے کہ اس کا اعتماد تھوڑا کم ہوگا لیکن وہ وکٹیں لینے والا بولر ہے، اگر وہ وکٹیں نہیں لے رہا ہے تو اسے صرف نارمل رہنے کی ضرورت ہے اور اسے چاہیے کہ کچھ بھی غیر معمولی کرنے کی کوشش نہ کرے کیونکہ مجھے یقین ہے کہ ایک اچھا اسپیل اور نئی گیند کے ساتھ وکٹیں اسے ردھم میں واپس لے آئیں گی۔"
میگا ایونٹ میں پاکستان نے اب تک تین میچوں میں دو فتوحات اپنے نام کی ہیں، اس کی واحد شکست ہفتے کے روز روایتی حریف بھارت کے خلاف ہوئی۔ بابر اعظم کی قیادت میں گرین شرٹس ورلڈ کپ میں اپنا اگلا میچ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلیں گے۔