news
English

ویرات کوہلی سے جرسی کیوں لی، وسیم اکرم، بابراعظم پربرس پڑے

’جب میں نے یہ تصویر دیکھی تو مجھے بڑی مایوسی ہوئی کیونکہ آج یہ دن نہیں تھا جب آپ کوہلی سے جرسی لیتے۔‘  وسیم اکرم

ویرات کوہلی سے جرسی کیوں لی، وسیم اکرم، بابراعظم پربرس پڑے

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے پاکستان اور بھارت کے میچ کے بعد بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے احمدآباد اسٹیڈیم میں شرٹ لینے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ 
سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے میچ کے بعد ویرات کوہلی اپنی جرسی بابر اعظم کو تحفے میں دے رہے ہیں۔
ویرات کوہلی نے بابر اعظم کو اپنی جرسی اس وقت تحفے میں دی جب بھارتی کھلاڑی گرائونڈ میں اپنی کامیابی کا جشن منانے میں مصروف تھے جبکہ ویرات کوہلی شکست خوردہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے ساتھ گپ شپ کرتے نظر آئے۔ 
سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ ’جب میں نے یہ تصویر دیکھی تو میں افسردہ ہوگیا، کیونکہ آج یہ دن نہیں تھا جب آپ کوہلی سے جرسی لیتے۔‘ 
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو کوہلی کی ٹی شرٹ چاہیے تو میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں دی جا سکتی تھی’۔ 
مقامی اسپورٹس چینل پر بات چیت کے دوران سوئنگ کے سلطان کو بابر اعظم کا یہ عمل پسند نہیں آیا اور انہوں نے بھارت سے ’شرمناک شکست‘ کے بعد کپتان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز ورلڈ کپ کے اہم مقابلے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں احمد آباد اسٹیڈیم میں آمنے سامنے آئی تھیں، پچھلے ورلڈ کپ میچز کی طرح اس بار بھی بھارت نے اہم میچ میں مسلسل آٹھویں بار پاکستان کو شکست دی۔ 
بھارت کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 42.5 اوورز میں 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 30ویں اوور میں 155 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم 50 رنز پر محمد سراج کی گیند پر بولڈ ہوگئے، بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن بُری طرح لڑکھڑا گئی اور دیگر پاکستانی بلے باز مجموعی اسکور میں صرف 36 رنز کا اضافہ کرسکے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، محمد سراج ، ہاردک پانڈیا،کلدیپ یادیو اور رویندرا جدیجا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے 192 رنز کا ہدف 30.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔