news
English

دورۂ انگلینڈ ؛ بورڈکوچ اور کپتانوں سے مشاورت کرے گا

انگلینڈ نے 4 یا 5 ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز پر ابھی ہم سے بات نہیں کی

دورۂ انگلینڈ ؛ بورڈکوچ اور کپتانوں سے مشاورت کرے گا فوٹو: اے ایف پی

دورۂ انگلینڈ پر پی سی بی کوچ اور کپتانوں سے بھی مشاورت کرے گا،چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کے مطابق18 مئی کو ای سی بی سے میٹنگ میں سیریز کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا، میچز کی تعداد بھی طے کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستانی ٹیم کو 30جولائی سے 2 ستمبر تک انگلینڈ سے3 ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں، کورونا وائرس کے سبب یہ سیریز اب وقت پر ہوتی نظر نہیں آتی، اس حوالے سے مختلف آپشنز پر غور جاری ہے، نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کے استفسار پر سی ای او پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے کہا کہ انگلینڈ نے 4 یا 5 ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز پر ابھی ہم سے کوئی بات نہیں کی، ای سی بی آفیشلز سے ٹیلی کانفرنس میں سیریز کے معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے،انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیزکو دورے پر شکوک ہیں، اس لیے شیڈول تبدیل ہو سکتا ہے۔

ان دنوں ہر برطانوی اخبار اپنی اپنی اسٹوری شائع کر رہا ہے، البتہ اصل حقائق کا علم میٹنگ کے بعد ہی ہوگا۔ایک سوال پر وسیم خان نے کہا کہ ڈائریکٹر میڈیکل پی سی بی ڈاکٹر سہیل سلیم اور انگلش بورڈ  کے میڈیکل چیف ہفتے میں ایک بارتو صورتحال پر بات کرتے ہی ہیں۔

یہ درست ہے کہ انگلینڈ میں کورونا کی وجہ سے حالات بہت خراب ہیں،اب میری اپنے ہم منصب سے بات چیت میں صورتحال مزید واضح ہوگی کہ کیا فیصلہ کریں گے،ابھی تو کچھ کہنا قبل از وقت ہے، ہمیں تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ ہر ہفتے صورتحال میں تبدیلی آ رہی ہے،انھوں نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ18 مئی کو ٹیلی کانفرنس ہو جائے،اسی کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے، ہم ای سی بی کی تجاویز سننے کے بعد بورڈ حکام کے سامنے رکھیں گے پھر انھیں کوئی حتمی جواب دیا جائے گا،کوچ مصباح الحق، ٹیسٹ کپتان اظہر علی، ٹی ٹوئنٹی قائد بابر اعظم سمیت پلیئرز سے بھی مشاورت کریں گے،اسی کے بعد کوئی قدم اٹھایا جائے گا۔