پاکستان اگست اور ستمبر کے درمیان شیڈول دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کی میزبانی کے لیے تیاری کر رہا ہے۔
پاکستانی کرکٹرز کی گرائونڈ میں بچھے نرم گدوں پر فیلڈنگ کی مشقیں کرنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ پاکستان اگست اور ستمبر کے درمیان شیڈول 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کی میزبانی کے لیے تیاری کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے کراچی میں اپنے پری سیزن فٹنس کیمپ کے دوران تربیت کے منفرد طریقے اپنائے۔ فیلڈنگ اسپیشلسٹ مسرور کی رہنمائی میں امام الحق جیسے کھلاڑیوں نے جدید مشقوں میں حصہ لیا۔ تربیتی سیشنز میں گدوں کا استعمال کیا گیا جس سے کھلاڑی مشکل گیندوں کو محفوظ طریقے سے پکڑنے کے لیے اپنی دائیں طرف ڈائیونگ کی مشق کر سکتے ہیں۔
یہ مشقیں امریکہ میں ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کی مایوس کن مہم کے بعد ہورہی ہیں جہاں قومی ٹیم پہلے ہی مرحلے میں ناکامی کے بعد واپس آنا پڑا تھا، گرین شرٹس کو گروپ اے کے میچوں میں ٹورنامنٹ میں پہلی بار شریک ہونے والی ٹیم امریکہ اور روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں پے در پے شکستوں کی ہزیمت اٹھانی پڑی تھی۔
اب ٹیم پاکستان کی جانب سے اگست اور ستمبر کے درمیان شیڈول دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے بنگلہ دیش کی میزبانی کی تیاری کی جا رہی ہے۔
اوپننگ بلے باز امام الحق اسکواڈ میں واپسی کے لیے تیار ہیں جو اس سے قبل پاکستان کے حالیہ دورہ آسٹریلیا میں بھی شامل تھے۔ بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز بھی جاری 25-2023ء آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کا حصہ ہے۔