news
English

ٹی 20 ورلڈکپ 2024: ویسٹ انڈیز نے بھی اسکواڈ کا اعلان کردیا

ویسٹ انڈیز کے منتخب پلیئنگ اسکواڈ میں شمار جوزف ایک اہم شمولیت کے طور پر نمایاں ہیں۔

ٹی 20 ورلڈکپ 2024:  ویسٹ انڈیز نے بھی اسکواڈ کا اعلان کردیا

آئندہ ماہ سے امریکا میں شروع ہونے ولے میگا ایونٹ میں روومین پاول دو بار کی عالمی چیمپئن ٹیم ویسٹ انڈیز کی قیادت کریں گے  ایونٹ کے شریک میزبان ویسٹ انڈیز نے یکم جون سے کیریبین اور امریکہ میں شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق روومین پاول دو بار کی عالمی چیمپئن ٹیم کی قیادت کریں گے، جو 2 جون کو گیانا میں پی این جی کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کریں گے۔ پیسر الزاری جوزف کو مقابلے کے لیے نائب کپتان نامزد کیا گیا ہے جبکہ نوجوان پیسر شمار جوزف بھی 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے منتخب پلیئنگ اسکواڈ میں شمار جوزف ایک اہم شمولیت کے طور پر نمایاں ہوئے ہیں۔ اس دوران نکولس پوران، آندرے رسل اور جیسن ہولڈر بھی ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز گروپ سی میں افغانستان، نیوزی لینڈ، پاپوا نیوگنی اور یوگنڈا کے ساتھ شامل ہے۔ وہ گیانا میں پی این جی کے خلاف 2 جون کو اپنی مہم کا آغاز کریں گے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں روومین پاول (کپتان)، الزاری جوزف، جانسن چارلس، روسٹن چیس، شمرون ہیٹمائر، جیسن ہولڈر، شائی ہوپ، اکیل حسین، شمر جوزف، برینڈن کنگ، گڈاکیش موتی، نکولس پوران، آندرے رسل، شیرفین ردرفورڈ اور روماریو شیفرڈ شامل ہیں۔ 
تمام ٹیموں کو 25 مئی تک اپنے اسکواڈ میں تبدیلیاں کرنے کی اجازت ہے جس کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی سے منظوری درکار ہوگی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 20 کوالیفائنگ ٹیموں کو پانچ پانچ ٹیموں کے چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں سے ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سپر ایٹ راؤنڈ میں جگہ بنائیں گی۔ اس مرحلے میں کوالیفائنگ ٹیموں کو ایک بار پھر چار چار کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا جس میں سے ٹاپ پر انے والی دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی اور پھر فاتح ٹیمیں 29 جون کو میگا ایونٹ کا فائنل کھیلیں گی۔