news
English

نئے سیزن کیلیے ویمنز کرکٹ کا شیڈول جاری کردیا گیا

آغاز قومی ٹرائنگولر ون ڈے چیمپئن شپ کیساتھ ہوگا

نئے سیزن کیلیے ویمنز کرکٹ کا شیڈول جاری کردیا گیا تصویر: پی سی بی

نئے سیزن کیلیے ویمنز کرکٹ کا شیڈول جاری کردیا گیا،آغاز 17ستمبر کو قومی ٹرائنگولر ون ڈے چیمپئن شپ کیساتھ ہوگا، سکواڈز کا اعلان کردیا گیا،آئندہ ماہ بنگلہ دیش کےخلاف سیریز بھی شیڈول ہے، آئی سی سی چیمپئن شپ میں بھارت اور انگلینڈ کے خلاف مقابلے بھی پلان کا حصہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے نئے سیزن کےلیے ویمنز کرکٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا، آغاز قومی ٹرائنگولر ون ڈے چیمپئن شپ کیساتھ ہوگا-

ایونٹ 17 سے 26 ستمبر تک لاہور جمخانہ کلب گراونڈ میں جاری رہے گا، ندا ڈار کی قیادت میں پی سی بی ڈائنامائٹس کی ٹیم فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کی کوشش کرے گی، ٹورنامنٹ میں ساڑھے 8 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، فاتح ٹیم کو 5 جبکہ رنرز اپ کو ڈھائی لاکھ روپے دیئے جائیں گے، تاریخ میں پہلی بارایونٹ میں شریک ہر کرکٹر کو 10 ہزار روپے بطور میچ فیس دیئے جائیں گے، ڈبل لیگ کی بنیاد پر ٹورنامنٹ میں کوکابورا کے گیند کا استعمال کیا جائے گا-

بلاسٹرز کے سکواڈ میں رامین شمیم (کپتان)، عالیہ ریاض، الماس اکرم، اریب شمیم، عائشہ ظفر، حفصہ خالد، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل،نورین یعقوب، سدرہ امین، طوبہٰ حسن اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

چیلنجرز ٹیم میں بسمعہ معروف (کپتان)، عروب شاہ، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، حفصہ امجد، حرینہ سجاد، ارم جاوید، جویریہ رو¿ف، خدیجہ چشتی، ماہم منظور، نتالیہ پرویز، صبا ءنذیر، سعدیہ اقبال اور سدرہ نواز کو جگہ ملی ہے،

ڈائنامائٹس سکواڈ میں ندا ڈار(کپتان) ، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ناز، ناہیدہ خان، فریحہ محمود، غلام فاطمہ، جویریہ خان، کائنات امتیاز، ماہم طارق، منیبہ علی، ثناءمیر، سوہا فاطمہ اور ثوبانہ طارق شامل ہیں۔

عروج ممتاز کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی قومی ٹرائنگولر چیمپئن شپ میں خواتین کرکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ ماہ شیڈول بنگلہ دیش کےخلاف سیریز اور اے سی سی ایمرجنگ کپ کےلیے قومی اے ٹیم کا اعلان کرنا ہے، قومی ویمنز ٹیم کو آئی سی سی چیمپئن شپ میں بھارت اور انگلینڈ کے خلاف بھی مقابل ہونا ہے، قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو 21 فروری سے 8 مارچ تک شیڈول آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 میں شرکت کےلیے آسٹریلیا بھی روانہ ہونا ہے، ایونٹ کے آغاز سے قبل ٹیم آسٹریلیا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز بھی کھیلے گی، قومی ٹرائنگولر ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کا انعقاد آئندہ سال جنوری میں کیا جائے گا۔ پاکستان گرین اور پاکستان یلو ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز آئندہ سال اپریل میں کھیلی جائے گی۔

 قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی کی سربراہ اور پی سی بی کرکٹ کمیٹی کی رکن عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ نئے سیزن میں شامل ڈومیسٹک کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ سے معیاری کرکٹ کو فروغ ملے گا۔