news
English

یونس خان کا انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ سے انکار

سابق کپتان نے سوشل میڈیا پر انڈر19 کی کوچنگ سے انکار کی تصدیق کردی

یونس خان کا انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ سے انکار PHOTO: AFP

پی سی بی نے یونس خان کے ساتھ معاملات طے نہ ہونے پر انڈر19 ٹیم کی کوچنگ کے لیے نئے امیدوار کی تلاش شروع کردی۔

سابق کپتان یونس خان نے سوشل میڈیا پر قومی انڈر 19 کی کوچنگ سے انکار کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے اکاونٹ سے اس پوسٹ کو شیئر کیا ہے جس میں ان کی جانب سے انڈر نائن ٹین کی کوچنگ سے انکارکیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جونیئر سطح پر یونس خان  کو کوچنگ کی پیشکش کی تھی۔ ذرائع کےمطابق  یونس خان اوربورڈ کے درمیان کافی حد تک معاملات طے بھی پاگئے تھے لیکن سابق کپتان کوچنگ کے ساتھ جونیئر ٹیم کی سلیکشن کی سربراہی کے بھی خواہش مند تھے۔ ان کے مطالبات میں مرضی کا کوچنگ اسٹاف رکھنے کے ساتھ سلیکٹرز بھی ان کی پسند کے شامل تھے۔

بورڈ اور یونس خان کے درمیان  بعض معاملات پر اتفاق رائے ہو چکا تھا لیکن مالی معاملات سمیت چند دوسرے ایشوز پر فریقین کے اپنے موقف پر قائم رہنے کی وجہ سے مذاکرات کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔

یونس خان کا موقف تھا کہ جس طرح بھارتی کرکٹ بورڈ راہول ڈریوڈ کو کوچنگ کے لیے بھاری معاوضہ اور مراعات دے رہا ہے، ان کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک کیا جائے۔ اس وقت انڈر نائن ٹیم کے کوچ تیمور اعظم خان ہیں ، محتشم رشید اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں، بورڈ جونیئر ٹیم کے ساتھ مستقل کوچ کی تقرری کا خواہش مند ہے۔