news
English

یونس خان 2 سال کے لیے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

طویل مدت کے لیے پاکستان کرکٹ کے سیٹ اپ میں شمولیت پر خوش ہوں، یونس خان

یونس خان 2 سال کے لیے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر فوٹو: ٹویٹر

 لاہور: سابق کپتان یونس خان کو 2 سال کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

سابق کپتان  یونس خان کو 2 سال کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے، یونس خان کی تقرری کم از کم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 تک کے لیے کی گئی ہے۔ اکتوبر/ نومبر 2022 میں آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ کا فائنل 13 نومبر کو کھیلا جائے گا، اس سے قبل یونس خان نے دورہ انگلینڈ میں  بھی قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کیں تھیں۔ سابق کپتان اب دورہ نیوزی لینڈ میں بھی یہی کردار نبھائیں گے جب کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 23 نومبر کو نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ مصروفیت نہ ہونے کی صورت میں یونس خان حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں بھی بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے۔ اس سلسلے میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر ایک مکمل پروگرام تشکیل دے گا۔

‏پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ یونس خان اب کم از کم آئندہ 2 برس تک بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ہمارے ساتھ کام کریں گے، اگرچہ وہ انگلینڈ میں مختصر وقت کے لئے ٹیم کے ساتھ  رہے تاہم اس دوران ہمیں ان کے بارے میں جو فیڈ بیک ملا وہ شاندار تھا۔

یونس خان کا کہنا ہے کہ وہ ایک طویل مدت کے لیے پاکستان کرکٹ کے سیٹ اپ میں شمولیت پر خوش ہیں، دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام سے وہ بہت لطف اندوز ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب نیوزی لینڈ کے اہم دورے پر انہی لوگوں کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے منتظر ہیں اور خوش ہیں کہ ان کے کام کے دائرہ کار  کو وسیع کر دیا گیا ہے، وہ ڈومیسٹک سطح پر  کام کرنے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ بلے بازوں کی صلاحیتوں میں نکھار لایا جاسکے۔

دوسری جانب پی سی بی نے سابق ٹیسٹ اسپنر ارشد خان کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ  بھی مقرر کردیا ہے جب کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لئے اسپورٹ اسٹاف کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے اسپورٹ اسٹاف میں منصور رانا (منیجر)، مصباح الحق (ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ کوچ)، وقار یونس (باؤلنگ کوچ)، یونس خان (بیٹنگ کوچ)، عبد المجید (فیلڈنگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیوتھیراپسٹ)، ابراہیم بادیس (ٹیم اینڈ سوشل میڈیا منیجر)،  ملنگ علی (ٹیم مساجر)، ڈاکٹر سہیل سلیم (ٹیم ڈاکٹر)، طلحہ اعجاز بٹ (ٹیم اینالسٹ)، کرنل (ر) عثمان انوری (سیکیورٹی منیجر) اور یاسر ملک (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ) ہیں۔

پاکستان شاہینز میں اعجاز احمد (منیجر اور ہیڈ کوچ)، مہتشم راشد (اسسٹنٹ منیجر اینڈ فیلڈنگ کوچ)، راؤ افتخار (بولنگ کوچ)، حافظ نعیم (فزیوتھیراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر)، عثمان ہاشمی (ٹیم اینالسٹ) اور محمد عمران علی ( ٹیم مساجر) کے طور پر شامل ہیں۔