بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی، جو اب ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں، ون ڈے، ٹیسٹ اور آئی پی ایل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کے لیے ایک اہم سنگ میل کو اجاگر کرتے ہوئے یونس خان نے بھارتی ٹیم سے پاکستان کا دورہ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا ہے کہ کوہلی یہاں آئیں گے تو ہم سب کو بہت اچھا لگے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے مایہ ناز بھارتی بلے باز ویرات کوہلی سے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کیلئے پاکستان آنے کی اپیل کی ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان نہ بھیجنے کے سخت مؤقف کی وجہ سے آئندہ برس پاکستان میں منعقد ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی شرکت غیر یقینی ہے۔
تاہم یونس خان نے اِس بات پر زور دیا کہ کوہلی کے شاندار کیریئر میں جو واحد سنگ میل رہ گیا ہے وہ پاکستان میں کھیلنا اور اپنی پرفارمنس دکھانا ہے۔
یاد رہے کہ ویرات کوہلی 2006 میں بھارت کی انڈر19 ٹیم کے ساتھ پاکستان آئے تھے لیکن وہ یہاں کبھی بھی سینئر ٹیم کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے، تاہم کوہلی آئی سی سی کے متعدد ٹورنامنٹس میں پاکستان کا سامنا کر چکے ہیں اور ان ہی میچز میں وہ پاکستان کے خلاف کئی ریکارڈز بھی قائم کر چکے ہیں۔
یونس خان نے نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'ویرات کوہلی یہاں آئیں اور آکر وہ ویسے ہی پرفارم کریں، ان کے کیرئر کے شاہانہ تاج میں بس ایک ہی پنکھ رہ گیا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں نہیں کھیلا، اگر وہ آئیں گے تو ہم سب کو بہت اچھا لگے گا'۔
دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تناؤ کے سبب بھارت نے 2012 کے بعد سے پاکستان کے ساتھ کوئی دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلی ہے۔
دوسری جانب قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ بھارت اپنے چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلنا چاہتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اب یہ ذمہ داری آئی سی سی پر ڈال دی ہے کہ وہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم پاکستان بھیجنے پر آمادہ کرے۔
پی سی بی ذرائع نے انکشاف کیا کہ کولمبو میں آئی سی سی کے حالیہ اجلاسوں کے دوران چیمپیئنز ٹرافی کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی تاہم ٹورنامنٹ کے شیڈول اور فارمیٹ پر بات نہیں کی گئی۔ ؔ
تاحال بھارتی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد غیریقینی کا شکار ہے جس کے پیشِ نظر یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ شاید کرکٹ شائقین کبھی بھی کوہلی کو پاکستان میں کوئی میچ کھیلتے نہیں دیکھ سکیں گے۔
ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں اور اب ان کی توجہ ون ڈے، ٹیسٹ میچز اور آئی پی ایل پر مرکوز ہے۔