نئی سلیکشن کمیٹی 20 سے 24 نومبر تک ٹیسٹ اسکواڈ کی تشکیل پر غور و خوض کرے گی۔
پاکستان کے سابق کرکٹرز یونس خان، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور سہیل تنویر نے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف سے گذشتہ رروز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملاقات کی۔
ذکا اشرف ایک نئے چیف سلیکٹر کی تلاش میں ہیں جو ماڈرن کرکٹ کے تقاضوں کو اچھی طرح سمجھتا ہو۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق کے استعفیٰ کی منظوری کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کے انتخاب کی ذمہ داری سنبھالی تھی تاہم ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث چیئرمین پی سی بی نے عبوری چیف سلیکٹر توصیف احمد کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی کو برطرف کر دیا ہے۔
اب پی سی بی کے سربراہ یونس خان یا محمد حفیظ کو نیا چیف سلیکٹر بنانے پر غور کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بورڈ کے اہم عہدیداران اور سابق کرکٹرز نے محمد حفیظ یا یونس خان کو ذمہ داریاں سونپنے کی حمایت کی ہے، نئے چیف سلیکٹر کے حوالے سے آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں اہم اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم کا انتخاب کریں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ محمد حفیظ نے چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے لیے چیئرمین کمیٹی ذکا اشرف سے کچھ وقت مانگا ہے۔
واضح رہے کہ محمد حفیظ نے ورلڈ کپ اسکواڈ کی سلیکشن میں تحفظات دور نہ ہونے پر استعفیٰ دے دیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر توصیف احمد کو عبوری چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا کیونکہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے خود پر لگنے والے الزامات کے باعث عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم اب پی سی بی کی عبوری سلیکشن کمیٹی بھی برطرف ہوچکی ہے جس کے بعد نئے چیف سلیکٹر کے لیے یونس خان یا محمد حفیظ کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔