news
English

پی سی بی کا محمد یوسف کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اشتہار بھی دے دیا ہے جس میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے لیے بیٹنگ کوچ کے ساتھ ساتھ اسپن بولنگ کوچ اور وکٹ کیپنگ کوچ کے لیے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں

پی سی بی کا محمد یوسف کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ PHOTO: AFP

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان محمد یوسف کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اشتہار بھی دے دیا ہے جس میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے لیے بیٹنگ کوچ کے ساتھ ساتھ اسپن بولنگ کوچ اور وکٹ کیپنگ کوچ کے لیے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی کارکردگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اکیڈمی میں نوجوانوں کی تکینیک کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ بیٹنگ کوچ کے لیے صرف وہ ہی درخواستیں قبول کی جائیں گی جو ٹیسٹ یا انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہوں یا پھر لیول تھری کوچنگ کورس پاس کرچکے ہوں۔ تین سال کا کوچنگ تجربہ، کمپیوٹر سے متعلق معلومات اور روانی سے انگریزی لکھنے بولنے میں مہارت اضافی خوبی تصور کی جائے گی۔ درخواستوں کو شارٹ لسٹ کرنے کے بعد انٹرویوز لےکر طریقہ کار کے تحت بیٹنگ کوچ کی تقرری ہوگی۔

ذرائع کے مطابق 90 ٹیسٹ اور 288 ایک روزہ میچز کا تجربہ رکھنے والے محمد یوسف نے کوچنگ کا عہدہ سنبھالنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ وہ آئندہ چند روز میں درخواست بھی جمع کرادیں گے۔ مالی معاملات اور دوسری شرائط طے ہونے کے بعد محمد یوسف فل ٹائم ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

دوسری جانب اسپن بولنگ اور وکٹ کیپنگ کوچ کے لیے لیول 2 یا ٹیسٹ اور انٹرنیشنل تجربہ ضروری قرار دیا گیا ہے جب کہ حیدر آباد ریجن کے ہیڈ کوچ کے لیے لیول 3 کورس، فرسٹ کلاس کے کم از کم 75 یا اس سے زیادہ میچز کھیلنے والے کو ترجیح دی جائے گی۔