news
English

مکی آرتھر بہترین کوچ اور مینٹور ہیں، زمان خان

پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسٹار بالر زمان خان اس وقت وائٹلٹی بلاسٹ میں ڈربی شائر کے لیے فاسٹ بالر کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

مکی آرتھر بہترین کوچ اور مینٹور ہیں، زمان خان

پی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے والے زمان خان معروف کوچ مکی آرتھر کی رہنمائی میں اپنے کریئر کو آگے بڑھا رہے ہیں اور ان کی نگرانی میں اپنی صلاحیتوں کو نکھار رہے ہیں۔

زمان خان نے ایک مقامی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مکی آرتھر بہترین کوچ اور مینٹور ہیں، وہ مجھے بہت سپورٹ کرتے ہیں جس سے مجھے بہت زیادہ اعتماد ملتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں ہر کوئی مجھے بہت زیادہ اعتماد دیتا ہے اس کے بدلے میں اپنی ٹیم کے لیے پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

مکی آرتھر نے خاص طور پر ذکر کیا کہ انہوں نے وائٹیلٹی بلاسٹ میں فالکنز کی باؤلنگ لائن اپ کو بڑھانے کے لیے زمان خان کو لائن اپ کیا تھا جس کے بعد سے زمان خان وائٹیلٹی بلاسٹ میں اپنی بہترین بالنگ کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

زمان خان کا عروج اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے 2022 میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور فرنچائز کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈیبیو کیا اور عمدہ بالنگ کرائی۔ یہ ان کی غیر معمولی کارکردگی تھی، خاص طور پر اہم ڈیتھ اوورز میں کرائی گئی ان کی بالنگ نے انہیں مین اسٹریم کا بالر بنادیا۔

زمان خان نے بطور فاسٹ بالر پی ایس ایل کے 2022 اور 2023 دونوں ایڈیشنز میں لاہور قلندرز کے ٹائٹل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔