پاکستان سے ون ڈے سیریز میں زمبابوے کو ناتجربہ کار کرکٹرز پر انحصار کرنا پڑے گا جب کہ ڈیبیو کے منتظر3کھلاڑیوں کو 16رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔
تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر بغاوت کرنے والے کرکٹرز اور انجریز نے زمبابوے کو مارچ میں ورلڈکپ کوالیفائرز میں شرکت کرنے والے اسکواڈ میں کئی تبدیلیاں کرنے پر مجبور کردیا ہے،برینڈن ٹیلر،سکندر رضا اور گریم کریمر کی خدمات حاصل نہیں۔
سولومن مائر کو ایڑی کی انجری کے سبب زیر غور نہیں لایا گیا، انھیں3ہفتے آرام کرنا ہوگا، کائیل جاروس سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں انگوٹھا زخمی ہونے کے بعد ابھی تک صحتیاب نہیں ہوسکے، بولر ڈیڑھ ماہ تک میدان سے باہر رہیں گے جب کہ سابق کپتان ایلٹن چگمبرا نومبر 2016کے بعد پہلی بار ون ڈے میچ کھیلنے کیلیے دستیاب ہونگے۔
انٹرنیشنل کیپ کے منتظر 3 کھلاڑی بھی منتخب ہوئے ہیں، انڈر19ٹیم کے سابق کپتان لیام روچی مڈل آرڈر بیٹسمین اور آف اسپنر ہیں، انھوں نے شاندار آل راؤنڈ صلاحیتوں کی بنیاد پر اسکواڈ میں جگہ بنائی،23سالہ تناشے کامون ہکاموی ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کے صلے میں منتخب ہوئے،وکٹ کیپر بیٹسمین ریان مرے بھی صرف 20سال کے ہیں، انھیں جنوری میں ون ڈے ساکواڈ میں شامل کیا گیا تھا لیکن ڈیبیو کا موقع نہیں ملا، تعمیر نو سے گزرتی میزبان ٹیم ناتجربہ کار لیکن باصلاحیت کھلاڑیوں کی مدد سے پاکستان کو حیران کرنے کیلیے منصوبے بنا رہی ہے۔
زمبابوے کے منتخب اسکواڈ میں برائن چاری،ٹنڈائی چتارا،چامو چھبابا، ایلٹن چگمبرا،ٹنڈائی چسورو،تناشے کامون ہکاموی، ہملٹن مساکیڈزا (کپتان)،ویلنگٹن مساکیڈزا، پیٹرمور، ریان مرے، ریان مرے،تریسائی مساکانڈا، بلیسنگ موزا ربانی،رچرڈ نگاراوا،لیام روچی، ڈونلڈ ٹریپانو اور میلکولم والر شامل ہیں۔