news
English

زمبابوے کے شکار کیلیے گرین شرٹس کی تیاریاں شروع

سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے ون ڈے سیریز کیلیے بولاوایو جانے سے گریز کرنے والے پاکستانی کرکٹرز نے ہرارے میں ہی پہلا پریکٹس سیشن کیا

زمبابوے کے شکار کیلیے گرین شرٹس کی تیاریاں شروع PHOTO: PCB

ون ڈے سیریز میں زمبابوے کے شکارکے لیے گرین شرٹس نے تیاریاں شروع کر دیں۔

سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے ون ڈے سیریز کیلیے بولاوایو جانے سے گریز کرنے والے پاکستانی کرکٹرز نے ہرارے میں ہی پہلا پریکٹس سیشن کیا،وارم اپ اور فیلڈنگ ڈرلز کے بعد کھلاڑیوں نے نیٹ میں بیٹنگ اور بولنگ کرتے ہوئے صلاحیتوں کو نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا،اس دوران پاکستان سے ہرارے پہنچ کر ون ڈے اسکواڈ کو جوائن کرنے والے کرکٹرز خاص طور پر کوچز کی توجہ کا مرکز بنے۔

ایک نیٹ پر جنید خان اور دوسرے پر یاسر شاہ نے طویل سیشن کیا،اظہر محمود دونوں کی اچھی گیندوں پر داد دیتے رہے،فہیم اشرف، حسن علی اور عثمان شنواری نے بھی اپنی لائن اور لینتھ بہتر بنانے کیلیے کام کیا۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بابر اعظم اور امام الحق کی پریکٹس کا بغور جائزہ لیتے ہوئے انھیں کارکردگی بہتر بنانے کیلیے مشورے دیے،فخرزمان نے جارحانہ اسٹروکس کھیلنے کی مشق جاری رکھی،کپتان سرفراز احمد نے الگ وکٹ کیپنگ پریکٹس کے دوران اسٹمپ پر اپنی مہارت بہتر بنانے کے لیے بھی کام کیا،بعد ازاں انھوں نے طویل بیٹنگ سیشن کیا۔

شعیب ملک نے آل رائونڈ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مشق جاری رکھی،شاداب خان بھی نیٹ میں بولنگ کے بعد پُراعتماد بیٹنگ کرتے نظر آئے، بیٹسمین تیزی سے سنگلز بنانے کی پریکٹس بھی کرتے رہے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں انجری کے بعد مسلسل باہر رہنے والے بابر اعظم کی ٹیم اور فارم میں واپسی دونوں اہمیت کی حامل ہوں گی۔