news
English

محمد یوسف نے بابر اعظم کی تکنیک کو بہترین قرار دیدیا

نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بیٹنگ کوچ محمدیوسف نے کہاکہ بابر اعظم بہت محنتی کرکٹر ہیں

محمد یوسف نے بابر اعظم کی تکنیک کو بہترین قرار دیدیا فوٹو: اے ایف پی

محمدیوسف نے ورلڈکلاس بابر اعظم کی تکنیک کو بہترین قرار دے دیا۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکو انٹرویو میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بیٹنگ کوچ محمدیوسف نے کہاکہ بابر اعظم بہت محنتی کرکٹر ہیں، وہ اپنی بیٹنگ پریکٹس پر بہت زیادہ توجہ دیتے ہیں، اسی عادت نے انھیں ورلڈ کلاس پلیئر بننے میں مدد دی،ان کی تکنیک بہترین ہے، مسلسل کھیلتے ہوئے بعض اوقات اچھی پرفارمنس نہیں ہوپاتی،اس کا مطلب یہ نہیں کہ کھیلنے کے انداز میں خامی ہے،امید ہے کہ آئندہ میچز میں بابر عمدہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ محمد رضوان کی بیٹنگ میں بھی بہتری آ رہی ہے، دیگر بیٹسمینوں کو بھی ان کی طرح کارکردگی دکھانا چاہیے، سابق کپتان نے اعظم خان کو جذباتی قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان میں بہت ٹیلنٹ ہے مگر وہ ہر گیندپر چھکا لگانا چاہتے ہیں، انھیں بیٹنگ میں تھوڑا سا ٹھہراؤ لانے کی ضرورت ہے، ابھی اعظم نے زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی،انھیں ویرات کوہلی، بابر اعظم اور روہت شرما کی طرح گیپ میں شاٹس کھیلنے پر زیادہ توجہ دینا ہوگی،ہائی پرفارمنس سینٹر میں ان پر کام ہورہا ہے ان کو وزن مزید کم کرنا پڑے گا۔

بیٹنگ کوچ نے کہا کہ کھلاڑی جتنا فٹ اور ذہنی طورپر مضبوط ہو اتنا ہی کارکردگی کا معیار بلند ہوگا، زمبابوے کیخلاف سیریز میں کامیابی سے تمام پلیئرز کے اعتماد میں یقینی طورپر اضافہ ہوا ہوگا، انگلینڈ میں تینوں شعبوں میں اچھا پرفارم کرنا ہوگی، بولنگ کے شعبے پر بات میرے دائرہ کار میں نہیں مگر اتنا ضرور کہوں گا کہ بولرز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔