news
English

ہرارے ٹیسٹ ؛ زمبابوے کو اننگ کی شکست سے بچنے کیلیے 158 رنز درکار

واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے

ہرارے ٹیسٹ ؛ زمبابوے کو اننگ کی شکست سے بچنے کیلیے 158 رنز درکار فوٹو: پی سی بی

دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان کے خلاف 132 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد فالو آن کی زمبابوے کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر شاہینوں کا سامنا نہیں کرسکی اور 220 رنز پر 9 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

ہرارے میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کھیلا جا رہا ہے، پاکستان کے 510 کے جواب میں 132 کے مجموعی اسکور پر ڈھیر ہونے والی زمبابوے کی ٹیم کو فالو آن کا سامنا ہے جس میں پاکستانی باؤلر نعمان علی کی شاندار 5 اور شاہین آفریدی کی 4 وکٹوں کے باعث زمبابوے صرف 220 رنز بنا سکی ہے جب کہ ابھی انہیں شکست سے بچنے کے لیے 158 رنز کا پہاڑ عبور کرنا ہے جب کہ پاکستان ایک اننگ سے فتح کے لیے محض 1 وکٹوں کی دوری پر ہے۔

قبل ازیں 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں عابد علی کی ڈبل سنچری اور اظہر علی کی سنچری کے بعد دوسرے روز اپنی اننگز 510 رنز پر ڈیکلیئر کردی جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے دن کے اختتام تک 4 وکٹ کے نقصان پر 52 رنز بنائے تھے۔

کھیل کے تیسرے دن زمبابوے نے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے 450 سے زائد رنز درکار تھے تاہم حسن علی اور ساجد خان کی شاندار بولنگ کے آگے میزبان ٹیم زیادہ دیر وکٹ پر کھڑی نہ رہ سکی اور صرف 84  رنز کے اضافے کے بعد پوری ٹیم 132 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی اور ساجد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 5 اور 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کی جانب سے اظہر علی اور عابد علی نے پہلے دن شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سنچریاں مکمل کیں تاہم اظہر علی پہلے دن کے اختتام پر 126 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان بابراعظم 2 اور فواد عالم 5 رنز بناسکے۔

اوپننگ بلے باز عابد علی نے کھیل کے دوسرے روز بھی اپنی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 393 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کی جس میں انہوں نے 27 چوکے لگائے۔ وہ 215 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ نعمان علی نے اپنی پہلی نصف سنچری بنائی اور بدقسمتی سے صرف 3 رنز کی کمی سے سنچری نہ بناسکے وہ 97 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

اوپنر عابد علی نے کریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی وہ ہرارے میں ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے۔ اس سے قبل سابق کپتان اور موجودہ بیٹنگ کوچ یونس خان نے 2013 میں ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔

واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کو ایک اننگ 116 رنز سے شکست دی تھی۔