news
English

قومی ٹی20 کپ پر برطانیہ میں جوا کھیلا جانے لگا

قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ ان دنوں ملتان میں جاری ہے، کورونا وائرس کے سبب اسٹیڈیم میں شائقین کو داخلے کی اجازت نہیں

قومی ٹی20 کپ پر برطانیہ میں جوا کھیلا جانے لگا فوٹو: پی سی بی

کراچی: قومی ٹی20کپ پر برطانیہ میں جوا کھیلا جانے لگا جب کہ ویب سائٹ پر گزشتہ روز بھی شرطیں وصول کی گئیں۔

قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ ان دنوں ملتان میں جاری ہے، کورونا وائرس کے سبب اسٹیڈیم میں شائقین کو داخلے کی اجازت نہیں، سرکاری ٹی وی چینل تمام میچز پاکستان میں براہ راست نشر کر رہا ہے، بیرون ملک شائقین یوٹیوب پر مقابلوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

عموماً پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ پر بیرون ملک شرطیں نہیں لگتیں مگر حیران کن طور پر قومی ٹی 20 کپ پر برطانوی جوئے کی ویب سائٹ شرطیں وصول کر رہی ہے، میچز براہ راست نشر ہونا اس کی اہم وجہ بنی، گذشتہ روز ہونے والے دونوں میچز پر بھی شرطیں لگیں۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 5 کے میچز کی ایک بیٹنگ ویب سائٹ پر لائیو اسٹریمنگ ہوئی تھی، پی سی بی کا کہنا تھا کہ میڈیا پارٹنر نے بغیر اجازت یہ معاہدہ کیا جس کا علم ہوتے ہی یہ سلسلہ رکوا دیا گیا تھا، حال ہی میں پی سی بی نے مالی معاملات پر اختلافات کی وجہ سے مذکورہ میڈیا پارٹنر سے معاہدہ ہی ختم کر دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ عموماً پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ  میں غیرملکی بیٹنگ ویب سائٹس زیادہ دلچسپی نہیں لیتیں، ان دنوں ویسے بھی آئی پی ایل چل رہی ہے، اس کی باوجود قومی ٹی 20کپ پر شرطیں وصول ہونا حیران کن ہے، شاید اس کی وجہ میچز کا براہ راست نشر ہونا بنی۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ نے ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی سمیع الحسن برنی کو میسیج کر کے پوچھا کہ کیا ایسے بیٹنگ ہونا قانونی ہے؟ تو انھوں نے نفی میں جواب دیا، یوٹیوب پر میچز کی اسٹریمنگ کے بارے میں سوال پر انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل 2016اور2107کی طرح اس میں تقریباً6 منٹ کا فرق ہے۔