جواب میںحریف سائیڈ کے کپتان ایڈم گلکرسٹ نے پہلی ہی گیند پر چھکا جڑا اور ان کے بعد شین واٹسن نے 9 بالز پر 30 رنز اسکور کیے
’بش فائر‘ میچ نے سابق اسٹارزکو بھی جوانی کے دن یاد دلادیے، برائن لارا نے برق رفتار بیٹنگ سے رکی پونٹنگ الیون کو ایک رن سے فتح دلادی، وسیم اکرم کو 2 اوورز میں 21 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی، جنگل کی آگ کے متاثرین کیلیے 77 لاکھ ڈالر جمع ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں جنگل کی آگ کے متاثرین کی مدد کیلیے کھیلے گئے ’بش فائر کرکٹ بیش‘ کئی سابق اسٹارز نے ایک بار پھر فیلڈ سنبھالی اور بیتے دنوں کی یادیں بھی تازہ کیں۔ خاص طور پر برائن لارا نے عمدہ اسٹروک سے واضح کیا کہ گزرے ہوئے ماہ و سال نے ان کے کھیل پر کچھ زیادہ اثر نہیں ڈالا، انھوں نے صرف 11 بالز پر ناقابل شکست 30 رننز بنائے، جس میں 2 چھکے بھی شامل تھے، انھوں نے شائقین کو اپنی ٹریڈ مارک کور اور اسٹریٹ ڈرائیوز سے محظوظ کیا اور پھر دوسرے بیٹسمین کو باری دینے کیلیے ریٹائر آؤٹ ہوگئے، ان کے کپتان رکی پونٹنگ نے 26 رنز بنائے، اس طرح 10 اوورز میں ان کی ٹیم نے 5 وکٹ پر 104 رنز اسکور کیے۔
جواب میںحریف سائیڈ کے کپتان ایڈم گلکرسٹ نے پہلی ہی گیند پر چھکا جڑا اور ان کے بعد شین واٹسن نے 9 بالز پر 30 رنز اسکور کیے، انھوں نے خاص طور پر پاکستان کے سابق اسپیڈ اسٹار وسیم اکرم کو نشانہ بنایا جنھوں نے 2 اوورز میں 21 رنز دیے اور 2 چھکے بھی کھائے تاہم کلکرسٹ الیون یہ میچ پونٹنگ سائیڈ سے ایک رن سے ہار گئی۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اس مقابلے میں دلچسپی لینے پر تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ جنگل کی آگ کے متاثرین کی مدد کیلیے 77 لاکھ آسٹریلوی ڈالر جمع کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔