news
English

زمبابوے کو کمزور حریف نہیں سمجھتے، سرفراز احمد

کھلاڑی فتح کیلیے بیتاب اور تینوں شعبوں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں جان لڑاتے ہوئے نظرآتے ہیں

زمبابوے کو کمزور حریف نہیں سمجھتے، سرفراز احمد PHOTO: AFP

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہوم کنڈیشنز میں زمبابوے کو کمزور حریف خیال نہیں کرسکتے تاہم گرین شرٹس کو کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کیلیے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

سہ ملکی سیریز میں زمبابوے کیخلاف میچ سے قبل ہرارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمدکا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم گزشتہ 2سال سے مسلسل اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے، سینئرز اور جونیئرز کے امتزاج سے اچھا کمبی نیشن بن چکا ہے، کھلاڑی فتح کیلیے بیتاب اور تینوں شعبوں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں جان لڑاتے ہوئے نظرآتے ہیں، ٹورکا پہلا میچ ہمیشہ اہم ہوتا ہے،زمبابوے کیخلاف کامیابی کیساتھ اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کرنا چاہیں گے۔

سرفراز احمد نے کہاکہ کسی بھی غیر ملک میں کھیلنا آسان نہیںہوتا، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کوئی فیورٹ نہیں ہوتا، میزبان ٹیم کوکمزور نہیں خیال کیا جاسکتا،زمبابوین اسکواڈ میں تجربہ کار کرکٹرز کیساتھ کئی باصلاحیت نوجوان کھلاڑی بھی شامل ہیں، ہمیں بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا،گزشتہ چند سال میں زمبابوے کی پچز کا رویہ تبدیل ہوا ہے،اس بار بھی کنڈیشنز مختلف ہوسکتی ہیں،ٹاس میچز کے نتائج پر اثرانداز ہوسکتا ہے، امید ہے کہ شائقین کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کوملیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں سرفراز نے کہا کہ رینکنگ اہم ہے لیکن ہماری توجہ اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے پرمرکوز ہوگی، مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہوئے آسٹریلیا اور زمبابوے کیخلاف کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، رینکنگ پراس کا کیا اثر ہوتا ہے یہ بعد کی بات ہے۔