news
English

فخر زمان ڈبل سنچری کی تکمیل پرخوشی سے سرشار

فخرزمان نے کہا کہ زندگی میں کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والا پہلا پاکستانی بیٹسمین بنوں گا

فخر زمان ڈبل سنچری کی تکمیل پرخوشی سے سرشار PHOTO: AFP

فخرزمان ڈبل سنچری کی تکمیل پرخوشی سے سرشار ہیں۔

زمبابوے سے چوتھے میچ میں فتح کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فخرزمان نے کہا کہ زندگی میں کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والا پہلا پاکستانی بیٹسمین بنوں گا،کرکٹ کھیلنا شروع کی تو خواہش تھی کہ کاش ایک فرسٹ کلاس میچ میں شرکت کا موقع مل جائے،یہ آزرو پوری ہوئی اوررنز بنائے تو پاکستان کیلیے کھیلنے کا خواب دیکھنے لگا،اللہ تعالیٰ  نے یہ موقع بھی دیدیا،زمبابوے کیخلاف میچ میں سنچری بنانے کا پلان تھا،یہ سنگ میل عبور کرنے کے بعد بھی بیٹ چل رہا تھا تو سوچا کہ ٹیم کیلیے زیادہ رنز بناتے ہوئے بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن رہوں،اسی کوشش میں ڈبل سنچری کا ہدف پانے میں بھی کامیاب رہا۔

فخر زمان نے کہا کہ میں اپنے اس اعزاز کو رہنمائی کرنے والے ناظم خان، اعظم خان، ظفر احمد سمیت تمام افراد، نیوی کے ساتھیوں اور این سی اے اسٹاف کے نام کرتا ہوں۔ اے ٹیم کے ساتھ تھا تو شاہد اسلم،مشتاق احمد اور منصور رانا سب نے میری تکنیکی خامیاں دور کرنے میں معانت کی۔

دوسری جانب اوپنر امام الحق نے کہا کہ ہمیں کریز پر قیام کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، ففٹی کے بعد سنچری کیلیے کوشش کرنے کا کہا گیا، اسی سوچ کے ساتھ کھیلتے رہے اور اوپننگ کا عالمی ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

امام الحق نے کہا کہ فخرزمان نے شاندار اننگز کھیلی، لوگوں کو اس طرح کے مقام تک پہنچتے کئی سال لگ جاتے ہیں،فخر نے کیریئر کے آغاز میں ہی ڈبل سنچری کا کارنامہ سرانجام دیدیا، وہ پاکستان کا اثاثہ ہیں، ان کی فارم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان ورلڈکپ بھی جیتے گا۔