news
English

چوتھا ون ڈے؛ پاکستان نے زمبابوے کو 244 رنز سے شکست دیدی

پاکستان نے زمبابوے کیخلاف 399 رنز بناکر ون ڈے میں اپنا سب سے بڑا ٹوٹل بنایا۔

چوتھا ون ڈے؛ پاکستان نے زمبابوے کو 244 رنز سے شکست دیدی PHOTO: AFP

پانچ ایک روزہ میچوں کی سریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 244 رنز سے شکست دے دی۔ 

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 400 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں مہمان ٹیم 155 رنز ہی بناسکی اور پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

زمبابوے کی جانب سے اوپننگ بلے باز ہملٹن مساکڈزا نے 22 رنز کی اننگز کھیلی تاہم دوسرے جانب موجود توناشی کامونیکاموے صرف 3 رنز ہی بناسکے اور تیسرے نمبر پر آنے والے تاریسائی مساکنڈا 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

زمبابوے کی جانب سے ڈونلڈ ٹریپانو 44 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ الٹن چکمبورا 37 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے اور میٹر مور نے 20 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔

قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے 4، عثمان خان اور فہیم اشرف نے 2،2 جب کہ شعیب ملک اور جنید خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں اوپنرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک روزہ میچ میں 304 رنز کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

دونوں اوپنرز نے انتہائی پراعتماد انداز سے کھیلتے ہوئے سنچریاں مکمل کیں اور پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور عمران فرحت کے درمیان 228 رنز کی اوپننگ شراکت کا سابقہ ریکارڈ توڑا جب کہ کچھ ہی دیر بعد فخرزمان نے 150 کا ہندسہ عبور کیا اور 287 رنز کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 304 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم امام الحق 113 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

فخر زمان نے انتہائی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جارحانہ انداز میں نہ صرف سنچری مکمل کی بلکہ پاکستان کی طرف سے سعید انور کا 194 رنز کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ڈبل سنچری بنائی، فخرزمان پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے ایک روزہ میچ میں ڈبل سنچری بنائی۔

ون ڈاؤن آنے والے آصف علی نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور نصف سنچری مکمل کی جب کہ فخرزمان نے 156 گیندوں پر 210 رنز کی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے، اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 399 رنز بنائے۔

اس سے پہلے پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی پارٹنرشپ کا اعزاز محمد حفیظ اور عمران فرحت کے درمیان 228 رنز کا تھا جو انہوں نے 2011 میں زمبابوے کے ہی خلاف بنایا تھا جب کہ سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا عالمی ریکارڈ سری لنکا کے تھرنگا اور جے سوریا کے پاس 286 رنز کا تھا جو انہوں نے 2006 میں انگلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کو سیریز میں 0-3 فیصلہ کن برتری حاصل ہے، پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں زمبابوے کو 201 رنز جب کہ دوسرے اور تیسرے ون ڈے میں 9 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کی تھی۔