news
English

ون ڈے سیریز؛ زمبابوے کیخلاف پاکستان بنچ پاور آزمائے گا

کامیابی کے لیے ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنا اور سخت محنت کرنا ہوگی

ون ڈے سیریز؛ زمبابوے کیخلاف پاکستان بنچ پاور آزمائے گا PHOTO: AFP

زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان بنچ پاور آزمائے گا، سرفراز احمد نے مختلف کمبی نیشن کی آزمائش کا عندیہ دے دیا۔

زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل پریس کانفرنس میں کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ایشیا کپ کی تیاری کے پیش نظر کوشش کریں گے کہ تمام کھلاڑیوں کو میدان میں اترنے کا موقع مل سکے، درمیانی اوورز میں یاسر شاہ ٹیم کے لیے بہتر کارکردگی دکھاسکتے ہیں، انھیں بھی کم ازکم دو میچ کھلائیں گے، ہمارے پاس فخرزمان، امام الحق اور محمد حفیظ کی صورت میں 3اوپنرز ہیں، ان کو بھی مواقع دیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی میچز میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتا رہا ہوں، ون ڈے میں پانچویں نمبر پر بھی آسکتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم میں نوجوان لیکن باصلاحیت کرکٹرز شامل ہیں، ہوم کنڈیشنز میں کوئی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، کامیابی کے لیے ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنا اور سخت محنت کرنا ہوگی، میزبان ٹیم کے ساتھ ہمیں سرد موسم کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔ ون ڈے میچز کے آغاز کا وقت  10بجے ہے، ابھی تک گرین شرٹس کا یہاں کوئی میچ صبح کو اتنی جلدی شروع نہیں ہوا، اس لیے ایک نئی صورتحال ہوگی، میرے خیال میں ٹاس اہم ہوگا۔