news
English

آسٹریلوی بلے باز آرون فنچ نے پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز پر نظریں جمادیں

آسٹریلیا کے 32 سالہ بلے باز کو گزشتہ سال بھارت کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے تین میچوں میں صرف 97 رنز بنانے کے بعد سے بٹھادیا گیا تھا

آسٹریلوی بلے باز آرون فنچ نے پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز پر نظریں جمادیں PHOTO: AFP

ون ڈے انٹرنیشنل میں دھواں دھار بلے بازی کرنے والے آسٹریلوی بلے باز آرون فنچ نے ٹیسٹ کرکٹر کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ یہ خواہش انہوں نے ایشز سیریز میں آسٹریلوی بلے بازوں کی خراب کارکردگی کے بعد ظاہر کی۔


ان کا کہنا ہے کہ وہ نومبر سے برسبین میں شروع ہونے والے ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کے خلاف کھیلنا چاہتے ہیں۔
آسٹریلیا کے 32 سالہ بلے باز کو گزشتہ سال بھارت کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے تین میچوں میں اوپننگ کرنے کے باوجود فقط 97 رنز بنانے کے بعد سے بٹھادیا گیا تھا۔ 
 انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں آسٹریلوی بلے بازوں ڈیوڈ وارنر، مارکوس ہیریز اور کیمرون بینکروفٹ کی خراب کارکردگی کے بعد آرون فنچ کی ٹیم میں شمولیت کی راہ ہموار ہورہی ہے۔


اییس ای این اسپورٹس ریڈیو پر بات کرتے ہوئے فنچ کا کہنا ہے کہ وہ مقامی شیفیلڈ شیلڈ سیزن میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے تاکہ سلیکٹرز کی نظر میں آسکیں اور 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہونے والی ہوم سیریز میں پاکستان کے خلاف کھیل سکیں۔ نومبر میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھی ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی جس میں شمولیت کے لیے آرون فنچ بے تاب نظر آتے ہیں۔


ان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے کے لیے انہیں نومبر میں ہونے والی سیریز کا انتظار ہے۔ وہ کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ رنز بنائیں اور بڑا سکور کریں تاکہ انہیں دوبارہ آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا جاسکے۔۔ تاہم انہوں ںے کہا کہ اگر بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا تو وہ اسے قبول کریں گے۔


دن ڈے اور ٹی ٹونٹی میں دھواں دھار بلے بازی کے لیے مشہور آرون فنچ نے فقط 5 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں تاہم وہ ٹیسٹ میچز میں کوئی قابلِ ذکر کارکردگی نہیں دکھا پائے۔
اب انہوں نے 21 نومبر سے پاکستان کے ساتھ ہونے والی ٹیسٹ سیریز پر نظریں جمادی ہیں۔