محمد حسنین اور عابد علی کل دوبارہ ٹیسٹ دیں گے۔
ورلڈکپ اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں آغاز ہوچکا ہے۔
پی سی بی نے فٹنس ٹیسٹ کے لیے 15 اور 16 اپریل کا باقاعدہ اعلان کررکھا ہے تاہم کھلاڑیوں کی زیادہ تعداد کے پیش نظر جو کھلاڑی پہلے فٹنس ٹیسٹ دینے کے خواہش مند ہیں، ان کے ٹیسٹ لینے کا آغاز کردیا گیا ہے، اب تک بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، حارث سہیل، فہیم اشرف، محمد عباس، شاداب خان ، محمد حسنین اور عابد علی فٹنس ٹیسٹ دے چکے ہیں، فاسٹ بولر محمد عامر، عماد وسیم، امام الحق، کل فٹنس ٹیسٹ دیں گے، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی آج شام تک این سی اے میں رپورٹ کردیں گے تاہم وہ پندرہ اپریل کو فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔
چیف کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن، فزیو کلف ڈکن اور ٹرینر گرانٹ لوڈن پر مشمل ٹیم فٹنس ٹیسٹ لے رہی ہے، اس دوران جو کرکٹر 17.4 کے بنچ مارک تک نہ پہنچ پائے وہ 15 اپریل تک دوبارہ ٹیسٹ دے سکتا ہے، اب تک صرف دو کرکٹرز عابد علی اور محمد حسنین ہی ہیں جو مطلوبہ ہدف سے معمولی سے پیچھے رہے ہیں، اسی لیے ایک بارپھر ہفتے کو دوبارہ ٹیسٹ دیں گے۔
فاسٹ بولر محمد عامر کے لیے یہ فٹنس ٹیسٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ذرائع کے مطابق پیسر ان دنوں بھرپور ٹریننگ کرنے میں مصروف ہیں تاکہ وہ میگاایونٹ سے پہلے بھرپورفٹنس اور ردھم حاصل کرسکیں۔ بولر کو یقین ہے کہ وہ ایک بار پھر سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کا دل جیتنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ایک طرف سلیکشن کمیٹی ان کی کارکردگی سے پریشان ہے تو دوسری طرف ٹیم انتظامیہ خاص طورپر چیف کوچ مکی آرتھر اور بولنگ کوچ اظہر محمود بھی محمد عامر کی حالیہ پرفارمنس سے خوش نہیں ہیں۔