پاکستان نے 5 ون ڈے میچوں کی سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی
ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 9 وکٹوں سے ہرا کر سیریز اپنے نام کرلی ہے۔
زمبابوے کے شہر بولاوایو میں کھیلی جارہی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن یہ فیصلہ ان کے حق میں بہتر ثابت نہیں ہوا۔ زمبابوے کے کھلاڑی پاکستانی بولرز کے سامنے ایک ایک کرکے ڈھیر ہوتے گئے اور پوری ٹیم صرف 67 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 22 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، جنید خان نے 2 جب کہ عثمان شنواری، شاداب خان اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف دسویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ قومی ٹیم کے آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی امام الحق تھے، فخر زمان نے 43 جب کہ بابر اعظم نے 19 رنز بنائے۔
تیسرے میچ کے لیے پاکستان نے دو تبدیلیاں کی تھیں، محمد عامر اور حسن علی کی جگہ یاسر شاہ اور جنید خان کو پلینگ الیون میں شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے خلاف ون ڈے میں اپنے کم ترین اسکور پر آؤٹ ہوئی ہے، اس سے قبل زمبابوے کا پاکستان کے خلاف کم سے کم اسکور 94 رنز تھا۔