news
English

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو پھر ہرادیا

گلیڈی ایٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلطانز کو زیر کردیا،گلیڈی ایٹرز نے سلطانز کا 122 رنز کا ہدف 4 وکٹوں پر حاصل کرلیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو پھر ہرادیا PHOTO: PCB

پی ایس ایل کے 22 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو ہرادیا

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں  گلیڈی ایٹرز اور سلطانز کی ٹیمیں ایونٹ میں دوسری بار سامنے آئیں تو ایک بار پھر گلیڈی ایٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلطانز کو زیر کردیا،گلیڈی ایٹرز نے سلطانز کا 122 رنز کا ہدف 4 وکٹوں پر حاصل کرلیا، ایونٹ میں گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں سلطانز کی یہ دوسری شکست ہے، 20 فروری کو کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو شکست سے دوچار کیاتھاجب کہ گلیڈی ایٹرز  کی ایونٹ میں یہ مجموعی طور پر پانچویں فتح ہے۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سےروسو 35 اور شین واٹسن 33 رنز بناکر نمایاں رہےجب کہ احسن علی 17 اور عمر اکمل صفر پر پویلین لوٹے، احمد شہزاد 28 اور براو 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی نے 2 اور محمد الیاس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

گلیڈی ایٹرز کے بولرز نے طوفانی بولنگ کرتے ہوئے سلطانز کی بیٹنگ لائن تباہ کردی اور پوری ٹیم صرف 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سلطانز کے 8 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے، سب سے زیادہ رنز چارلس نے  بنائے جو 46 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے، عمر صدیق 14،ونسےاور مورس 9،9، شعیب ملک 21،کرسچئن2،شاہدآفریدی 4، نعمان علی 3، محمد الیاس2 اور محمد عرفان صفر پر پویلین لوٹے، محمد عباس ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر اور براو نے 3،3 جب کہ محمد نواز نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔