news

لاہور کے تاریخی ایل سی سی اے گراونڈ میں مجوزہ فائیو اسٹار ہوٹل متنازع ہوگیا

ذرائع کےمطابق پی سی بی حکام کا موقف ہےکہ کرکٹ کے لیے مختص گراونڈ  کو کسی دوسرے مقصد کے لیے استعمال کرنا درست نہیں

لاہور کے تاریخی ایل سی سی اے گراونڈ میں مجوزہ فائیو اسٹار ہوٹل متنازع ہوگیا فوٹو: پی سی بی

لاہور کے تاریخی ایل سی سی اے گراونڈ میں مجوزہ فائیو اسٹار ہوٹل متنازع ہوگیا، پاکستان کرکٹ بورڈ حکام  نے ایل سی سی اے گراونڈ  میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے  فائیو اسٹار ہوٹل بنانے  کی مخالفت کردی-

ذرائع کےمطابق پی سی بی حکام کا موقف ہےکہ کرکٹ کے لیے مختص گراونڈ  کو کسی دوسرے مقصد کے لیے استعمال کرنا درست نہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی نیشنل ہائی پرفارمنس کی توسیع کرتےہوئے  ایل سی سی اےگراونڈ کواس کا حصہ بنانے کا پلان بنا چکاہے۔

 ٹیموں کی رہائس اور سکیورٹی کو جواز بناکر یہاں کسی بھی قسم کا ہوٹل بنانا سودمند نہیں ہوگا۔ نشترپارک میں پہلے ہی پارکنگ سمیت دوسرے ایشوز ہیں ان حالات میں ہوٹل بننے سے مزید مسائل پیدا ہوں گے اور ایل سی سی اے کا تاریخی گراونڈ بھی متاثر ہوگا۔سپورٹس بورڈ کے ڈی جی عدنان ارشد اولکھ نے ایل سی سی اے گراونڈ میں فائیو اسٹار ہوٹل بنانے کے حوالےسے تین کروڑ گرانٹ جاری ہونےکا بھی  بیان دیا تھا، سپورٹس بورڈ پنجاب کے حکام کا موقف ہے کہ ایل سی سی اے کی اکیاون کنال اراضی پر فائیو سٹار ہوٹل بننے کے بعد یہاں تمام ٹیمیں قیام ہی کریں گی، سکیورٹی سمیت دوسرے مسائل بھی کم ہوں گے اور  نشترپارک کے چاروں دروازے بند کرکے  میچز کے دوران لاہوریوں کو راستے بند کرنے کے عذاب سے بھی نجات مل جائے گی۔ پی سی بی سے پہلے کرکٹ کے دوسرے حلقے بھی ایل سی سی اے گراونڈ میں فائیو اسٹار بنانے کے فیصلے کو شدید تنقید کانشانہ بن چکے ہیں۔