news
English

بابر اعظم ورلڈ کلاس کرکٹر ہیں، نیتھن لیون

اظہر علی اور بابر اعظم کسی وقت بھی کھیل کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں، آسٹریلوی اسپنر

بابر اعظم ورلڈ کلاس کرکٹر ہیں، نیتھن لیون فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلوی اسپنر نیتھن لیون کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسے پاکستانی کھلاڑیوں پر کڑی نگاہ رکھی ہوئی ہے جو آسٹریلیا کے لیے مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین بابر اعظم اور اظہر علی آسٹریلیا کے لیے بڑا خطرہ ہیں جو کسی وقت بھی میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ناتھن لیون کا کہنا تھا کہ ان دونوں کھلاڑیوں میں ایکس فیکٹر موجود ہے۔ بابر اعظم ورلڈ کلاس بلے باز ہیں جبکہ کپتان اظہر علی سے عمدہ کارکردگی کی توقع رکھی جاسکتی ہے۔ آخری دفعہ آسٹریلیا میں کھیلتے ہوئے انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

ناتھن لیون کا کہنا تھا کہ پاکستان اسکواڈ کو سامنے رکھتے ہوئے ہم اپنی بھرپور تیاری کررہے ہیں اور کوشش کریں گے کہ میچ میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کریں۔ بالنگ کے دوران ہماری کوشش ہوگی کہ ہمارے بالرز مخالف ٹیم کا دفاع کمزور کرکے ان کے رنز کو آگے نہ بڑھنے دیں جبکہ بیٹنگ کے دوران ہمارے بلے بازوں کی کوشش ہوگی کہ دیر تک وکٹ پر رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ رنز اسکور کریں۔

آسٹریلوی ٹیم کے ایک اور کھلاڑی جوش ہیزل ووڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو ہلکا نہیں لیا جاسکتا کیونکہ اپنی غیرمتوقع فطرت کے باعث پاکستان ایک ایسی ٹیم ہے جس کے بارے میں قبل از وقت کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا اور یہی بات پاکستانی ٹیم کو خطرناک بناتی ہے. تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اس خطرے سے نبرد آزما ہونے کے لیے اپنی بھرپور تیاری کررہے ہیں۔

پاکستانی ٹیم آسٹریلیا میں 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی جس کا پہلا میچ 3 نومبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔