news
English

احسان مانی آسٹریلیا کو مہمان بنانے کا خواب دیکھنے لگے

آسٹریلوی ٹیم نے1998 سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا

احسان مانی آسٹریلیا کو مہمان بنانے کا خواب دیکھنے لگے PHOTO: AFP

پی سی بی کے نئے چیئرمین احسان مانی آسٹریلیا کو مہمان بنانے کا خواب دیکھنے لگے۔

آسٹریلوی ٹیم نے1998 سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا، حالیہ سیریز بھی یو اے ای میں کھیلی جا رہی ہے،آئندہ برس مارچ میں کینگروزکو گرین شرٹس سے پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنی ہے،اس کے وینیوز کا ابھی تعین نہیں ہوا۔

احسان مانی نے ابوظبی میں آسٹریلوی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ میری ابوظبی میں ہی ٹیم کے ساتھ موجود کرکٹ آسٹریلیا کے اگلے چیف ایگزیکٹیو کیون روبرٹس سے اس بارے میں بات ہوئی، یہ حقیقت ہے کہ انھیں اس بارے میں آسٹریلوی ہائی کمیشن کی ایڈوائس پر ہی عمل کرنا ہے، مگر پاکستان کے حوالے سے بہت زیادہ قیاس آرائیاں موجود ہیں، مجھے تو ابھی تک ایسا کوئی شخص نہیں ملا جس نے وہاں جانے کے بعد خدشات کا اظہار کیا ہو، کرکٹ آسٹریلیا کا نیا چیف ایگزیکٹیو آنے والا ہے اور ہم نے سائیڈ لائن پر ان سے بات کی۔

چیئرمین بورڈ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ روبرٹس اس معاملے کو سمجھیں گے، ہم ان کے اور چیئرمین ڈیوڈ پیویر کے ساتھ کام کرسکتے ہیں،انھیں لازمی طور پر اس بارے میں غور کرنا چاہیے، جلد یا بدیر ایسا ہونا تو ہے، ہم پاکستان سپر لیگ کے میچز اب اپنے ملک میں بھی منعقد کررہے ہیں،اس میں غیرملکی کھلاڑی بھی شریک ہوئے، چند ٹیموں نے بھی دورہ کیا مگر میں چاہتا ہوں کہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی آئیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کے موجودہ کپتان ٹم پین، جارج بیلی اور بین کٹنگ گزشتہ برس ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔