news
English

میکسویل نے سرفراز سے ہاتھ نہ ملانے کے معاملہ پر وضاحت کر دی

انہوں نے سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہوٹل میں سرفراز سے مصافحہ کرنے کیلیے انتظار کر رہا ہوں۔

میکسویل نے سرفراز سے ہاتھ نہ ملانے کے معاملہ پر وضاحت کر دی PHOTO COURTESY: Fox Sports

گلین میکسویل نے سرفراز احمد سے ہاتھ نہ ملانے کے واقعہ پر وضاحت کر دی۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہوٹل میں سرفراز سے مصافحہ کرنے کیلیے انتظار کر رہا ہوں۔ گزشتہ روز ہرارے میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف فتح کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملائے، پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے آسٹریلوی آل راﺅنڈر گلین میکسویل کی جانب ہاتھ بڑھایا لیکن وہ انہیں نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔

یہ منظر ٹی وی پر ناظرین نے براہ راست بھی دیکھا اور سوشل میڈیا پر اس کی وڈیو بھی موضوع بحث بنی رہی، پاکستانی شائقین نے اس رویہ کو سپورٹس مین سپرٹ کے خلاف قرار دیا تاہم اب میکسویل نے معاملے کی وضاحت کر دی ہے۔ گلین میکسویل نے ٹوئٹر پر نا صرف پاکستان ٹیم کو مبارکباد دی بلکہ اس معاملے کی بھی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ جان بوجھ کر ہاتھ ملانے کی بات درست نہیں، میں سرفراز احمد کو دیکھ ہی نہیں سکا تھا،

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ”پاکستان ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد، فخر زمان اور شعیب ملک کو روکنا محال تھا۔ ہمارے لیے زمبابوے ٹور کا اختتام اچھا نہیں رہا، تاہم اس میں بھی ہمارے لیے سیکھنے کیلیے کئی مثبت چیزیں ہیں۔ میچ کے بعد دکھائے جانے والے واقعہ کے حوالے سے یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ میرا کھیلنے کا طریقہ نہیں ہے اور یہ بات جوانمردی کے خلاف ہے، میں واقعی سرفراز کو نہیں دیکھ پایا تھا، اب میں ہوٹل میں انتظار کر رہا ہوں کہ سرفراز احمد سے ہاتھ ملاﺅں اور انہیں اور ان کی ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دوں۔“