news
English

قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کا آغاز

ٹریننگ کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی بھجوائی جاسکتی ہے، سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کے ٹیسٹ یاسر ملک لے رہے ہیں، ڈومیسٹک پلیئرز کی آزمائش ایسوسی ایشنز کے ٹرینرز کررہے ہیں

قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کا آغاز تصویر: پی سی بی

قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کا آغاز ہوگیا۔

ٹرینرز کی جانب سے 6،6 کھلاڑیوں کے سیٹ بناکر ان سے باری باری مختلف مشقیں کروائی جارہی ہیں،یوں اگلی ڈرل سے قبل سانسیں بحال کرنے کیلیے مناسب وقفہ بھی مل جاتا ہے، پش اپ، سٹ اپ، چن اپ اور بلغارین اسکواٹ سمیت مختلف مشقوں کے ذریعے کرکٹرز کی فٹنس کا جائزہ لیا جارہا ہے،اگر کسی کھلاڑی کو مناسب جگہ دستیاب نہ ہو تو یویو ٹیسٹ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ خود ہی کرسکتا ہے،کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

ٹریننگ کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی بھجوائی جاسکتی ہے، سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کے ٹیسٹ یاسر ملک لے رہے ہیں، ڈومیسٹک پلیئرز کی آزمائش ایسوسی ایشنز کے ٹرینرز کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے کنٹریکٹ کو پرفارمنس کیساتھ فٹنس سے بھی مشروط  کرتے ہوئے پالیسی وضع  کی تھی کہ معیار پر پورا نہ اترنے والے کھلاڑی کی تنخواہ سے 15 فیصد کٹوتی شروع ہو جائے گی جو بہتری آنے تک جاری رہے گی،  مسلسل ناکامی پر کیٹیگری میں تنزلی یا پھر کنٹریکٹ ہی ختم کر دینے کا فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے، تاہم گزشتہ روز ہیڈکوچ و  چیف سلیکٹر مصباح الحق نے واضح کردیا تھا کہ ٹیسٹ کا مقصد کھلاڑیوں کو سرگرم رکھنا ہے،اس کی بنیاد پر کسی کھلاڑی کو جرمانے یا سزا کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔