news
English

پاک بھارت میچز؛ شعیب اختر نے مزید دلائل پیش کردیے

سابق پاکستانی اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے متاثرین کورونا وائرس کیلیے پاک بھارت امدادی میچز کی تجویز دی تھی

پاک بھارت میچز؛ شعیب اختر نے مزید دلائل پیش کردیے تصویر: رائٹرز

شعیب اختر نے پاک بھارت امدادی میچز کیلیے مزید دلائل پیش کردیے۔

سابق پاکستانی اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے متاثرین کورونا وائرس کیلیے پاک بھارت امدادی میچز کی تجویز دی تھی، سابق بھارتی کپتان کپیل دیو نے اسے یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے پاس بہت رقم اور اسے فنڈز حاصل کرنے کیلیے پاکستان سے کھیلنے کی ضرورت نہیں ہے۔

اس حوالے سے ایک بھارتی ٹی وی چینل سے بات چیت میں شعیب اختر نے کہاکہ جو میں کہنا چاہتا تھا وہ کپیل دیو سمجھے نہیں، یہ وقت مل کر فنڈز جمع کرنے کا ہے، میں وسیع تناظر میں بات کررہا ہوں،آپ ایک میچ سے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کھینچ سکتے ہیں اور اس سے کثیر ریونیو حاصل ہوگا، کپیل کہتے ہیں کہ انھیں پیسوں کی ضرورت نہیں، واقعی ایسا ہوگا مگر دوسروں کو ہے، میرے خیال میں جلد اس تجویز پر غور ہوگا۔

شعیب اخترنے کہاکہ میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے بھی زیادہ بھارت کے بارے میں جانتا ہوں، میں نے وہاں پر مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بہت سے لوگوں سے بات کیں، مجھے لوگوں کو مشکل میں دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، بطور انسان و مسلمان یہ میری ذمہ داری ہے کہ جس قدر ممکن ہو ان کی مدد کروں، مجھے پاکستان کے بعد سب سے زیادہ بھارت کے لوگوں نے پیار دیا۔

شعیب اختر نے مزید کہا کہ میں صرف یہ پوچھتا ہوں کہ اگر اگلے 6 ماہ تک صورتحال برقرار رہی تو پھر ہمارے پاس کیا آپشنز ہوں گے، وہ لوگ جو کرکٹ کی وجہ سے ملازم ہیں، وہ کیا کریں گے، جن کی روزی روٹی کا انحصار کرکٹ پر ہے ان کا کیا ہوگا، یہی وقت ہے کہ ہم مل کر بیٹھیں اور منصوبہ بندی کریں کہ کیسے زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کرسکتے ہیں، اس کا واحد حل ایک امدادی میچ ہوگا، ممکن ہے کہ یہ مقابلہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کی وجہ بھی بن جائے، میں یہ سب کچھ وسیع تناظر میں کہہ رہا ہوں۔