news
English

ہرارے ٹیسٹ کا دوسرا دن: زمبابوے نے پہلی اننگز میں 52 رنز پر 4 وکٹیں گنوادیں

واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے

ہرارے ٹیسٹ کا دوسرا دن: زمبابوے نے پہلی اننگز میں 52 رنز پر 4 وکٹیں گنوادیں فوٹو: پی سی بی

دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف اپنی پہلی اننگز 510 رنز پر ڈیکلیئر کردی جب کہ دوسرے دن کے اختتام پر زمبابوے نے 52 رنز پر 4 وکٹیں گنوادیں۔ 

ہرارے میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں عابد علی کی ڈبل سنچری اور اظہر علی کی سنچری کے بعد دوسرے روز اپنی اننگز 510 رنز پر ڈیکلیئر کردی جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے 4 وکٹ کے نقصان پر 52 رنز بنالیے۔

قومی ٹیم کی جانب سے اظہر علی اور عابد علی نے پہلے دن شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سنچریاں مکمل کیں تاہم اظہر علی پہلے دن کے اختتام پر 126 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان بابراعظم 2 اور فواد عالم 5 رنز بناسکے۔

اوپننگ بلے باز عابد علی نے کھیل کے دوسرے روز بھی اپنی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 393 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کی جس میں انہوں نے 27 چوکے لگائے۔ وہ 215 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ نعمان علی نے اپنی پہلی نصف سنچری بنائی اور بدقسمتی سے صرف 3 رنز کی کمی سے سنچری نہ بناسکے وہ 97 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

اوپنر عابد علی نے کریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی وہ ہرارے میں ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے۔ اس سے قبل سابق کپتان اور موجودہ بیٹنگ کوچ یونس خان نے 2013 میں ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔

واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کو ایک اننگز 116 رنز سے شکست دی تھی۔