news
English

قومی ٹیم میں اچانک جگہ پانے والے صہیب مقصود ایک بارپھر گرین شرٹ پہنے پرمسرور

صہیب مقصود نے کہا کہ ٹیم میں ساڑھے پانچ سال بعد آمد کی خوشی ہے

قومی ٹیم میں اچانک جگہ پانے والے صہیب مقصود ایک بارپھر گرین شرٹ پہنے پرمسرور فوٹو: پی سی بی

پی ایس ایل پرفارمنس کے بعد قومی ٹیم میں اچانک جگہ پانے والے صہیب مقصود ایک بار پھر گرین شرٹ پہنے پر مسرور ہیں

ورچوئل پریس کانفرنس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صہیب مقصود نے کہا کہ ٹیم میں ساڑھے پانچ سال بعد آمد کی خوشی ہے، کوشش ہوگی کہ اس موقع سے فائدہ اٹھاکر ٹیم میں جگہ پکی کروں، پی ایس ایل میں پرفارمنس کے بعداعتماد میں اضافہ ہواہے اور ٹیم میں سلیکشن کے بعد اب جس نمبرپر بھی ضرورت ہوئی، کھیلنے کے لیے تیار ہوں، بلاخوف ہوکر ڈومیسٹک اور پی ایس ایل میں کھیلا، اسی ذہن کے ساتھ پاکستان کی طرف سے بھی کھیلنے کی کوشش کروں گا۔

صہیب مقصود نے کہا کہ اپنے نیچرل اندازمیں کھیل کرناکام بھی ہوا تو کوئی دکھ نہیں ہوگا اور نہ کرکٹ کا سفر ختم ہوگا۔ انگلینڈ کی کنڈیشنز سے واقف ہوں، لیگ کرکٹ یہاں کھیل چکا ہوں، انٹرنیشنل کرکٹ میں جب بھی موقع ملا، بہترین پرفارمنس دینے کے لیے تیار ہوں۔

صہیب مقصود نے اپنی بیٹنگ میں نکھار کا کریڈٹ ملتان سلطانز کے بیٹنگ کوچ اینڈی فلاور کو بھی دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ ایک زبردست کوچ ہے، انہوں نے میرے ساتھ تمام کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کیاہے، ان کی ہدایات اور مشوروں سے مجھے بھی پرفارمنس میں بہتری لانے کاموقع ملا، کوشش ہوگی کہ پاکستان کی جانب سےکھیلتے ہوئے بھی اسی فارم کو برقرار رکھ کر سب کی توقعات پر پورا اتروں۔ ابوظہبی کے سخت گرم موسم کے بعد انگلینڈ کی کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہونے کی کوشش کررہے ہیں، وائٹ بال کرکٹ کی پچز بہترین ہوتی ہیں، جتنے بھی دن ملے ہیں، ان میں اچھی پریکٹس کرکے بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔