news
English

پہلا ٹیسٹ؛ آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم 482 رنزپر آوٹ

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور حارث سہیل نے سینچری اسکور کی۔

پہلا ٹیسٹ؛ آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم 482 رنزپر آوٹ PHOTO COURTESY: ICC

دبئی ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم  پہلی اننگز میں 482 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

قومی ٹیم نے دوسرے دن کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز سے کیا تو صرف 5 رنز کے اضافے سے محمد عباس آؤٹ ہوگئے۔ حارث سہیل اور اسد شفیق کے درمیان 105 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم اسد شفیق 80 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، حارث سہیل نے سنچری اسکور کی اور 110 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے دن قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور دونوں اوپنرز نے 205 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد  امام الحق 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

محمد حفیظ نے شاندار کھیل پیش کیا اور سنچری مکمل کی تاہم وہ 126 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین اظہر علی تھے جو 18 رنز پر ہالینڈ کی گیند پر اسٹارک کو کیچ تھما بیٹھے۔ پہلے دن جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنالیے تھے، حارث سہیل 15 اور محمد عباس ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لائن، پیٹرسڈل اور ہالینڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ 2014 میں کھیلا گیا تھا جس میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو 221 رنز سے شکست دی تھی۔