پاکستان کرکٹ بورڈ پرامید ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ دو ایک روزہ میچز پاکستان میں کھیلنے پر راضی ہوجائے گا
پاکستان کرکٹ بورڈ پرامید ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ دو ایک روزہ میچز پاکستان میں کھیلنے پر راضی ہوجائے گا۔
چند ہفتے پہلے پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا کو پانچ میں سے کم ازکم دو میچز کی پاکستان میں میزبانی کی خواہش کا اظہارکرتے ہوئے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ذرائع کےمطابق کرکٹ آسٹریلیا نے اس تجویز کو تاحال مسترد نہیں کیا اور مارچ میں شیڈول ون ڈے سیریز کو حتمی شکل دینے سے پہلے ایک سکیورٹی وفد بجھوائے جانے کا امکان ہے۔
سیریز سے چند دن پہلے یہ سکیورٹی وفد پاکستانی سکیورٹی ماہرین سے بات چیت کرکے اور تمام انتظامات کا جائزہ لےکر اپنی رپورٹ کرکٹ آسٹریلیا کے حوالے کرے گا۔پی سی بی حکام پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے کوشاں ہیں، اورکرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ پاکستان میں آکر کینیا،زمبابوےاور سری لنکا کی ٹیمیں سیریز کھیل چکی ہیں، اس کے ساتھ ورلڈ الیون اور پی ایس ایل کےمیچز کامیابی کے ساتھ ہوچکے ہیں۔ پی ایس ایل فور کے آٹھ میچز بھی لاہور اور کراچی میں ہونا ہیں،جن میں معروف غیر ملکی کرکٹرز بھی شرکت کریں گے۔ملک میں سکیورٹی معاملات میں بہتری کے بعداب پی سی بی آسٹریلیا، جنوبی افریقہ سمیت دوسرے بورڈز سے رابطے میں ہے تاکہ بڑی ٹیموں کی میبزبانی کی جائے۔اس سلسلے میں بورڈ حکام کو یقین ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کے آںے سے یہ دروازے ہمیشہ کے لیے کھل سکتےہیں۔
یواے ای میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد دونوں ٹیموں نے دوسرےمرحلے میں پانچ ایک روزہ میچز کھیلنے ہیں، مجوزہ پروگرام کے تحت انیس سے اکتیس مارچ تک یہ ون ڈے سیریز کھیلی جانی ہے۔پی سی بی کے مجوزہ پروگرام کے مطابق سترہ مارچ کو پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کھیلاجانا ہے،اگر ایسے وقت میں کرکٹ آسٹریلیا شہرقائد آنے پر حامی بھرلے تو وہاں سیریز کے دو ابتدائی ون ڈے میچز کھیلنا ممکن ہیں۔ جبکہ تیسرا، چوتھا اور پانچواں میچ پہلے سے طے پروگرام کے مطابق یواے ای میں ہی کرائے جاسکتے ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم کی آمد کویقینی بنانے کے لیے سفارتی تعلقات بھی استعمال کیے جائیں گے۔