ہرارے میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی، زمبابوے کے 163 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور حارث سہیل نے کیا، دونوں اوپنرز نے 58 رنز کی شرات قائم کی جس کے بعد حارث سہیل 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ فخر زمان نے 47 رنز بنائے تاہم وہ اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے۔
اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد حسین طلعت اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کا اسکور آگے بڑہایا تاہم حسین طلعت 44 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کپتان سرفراز نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 21 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی، سرفراز احمد کی اننگز کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کا 163 رنز کا ہدف 19.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔
اس سے قبل پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو زمبابوے کی جانب سے اننگز کا آغاز سفاس زہوواؤ اور سلومن مائر نے کیا، دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 49 رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا جس کے بعد سفاس زہوواؤ 24 رنز پر آؤٹ ہوگئے جب کہ سلومن مائر نے جارحانہ انداز اپنایا اور نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 94 رنز بنائے تاہم وہ سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔
اوپنر سلومن مائر کے ساتھ تریسائی مسکانڈا نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور 33 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔