news
English

ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ؛ قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بھی مشکلات کا شکار

اس سے قبل ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 431 رنز  بناکر آؤٹ ہوگئی تھی

ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ؛ قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بھی مشکلات کا شکار فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 373 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہے۔ 

ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے 431 رنز کے جواب میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 239 رنز بنائے یوں میزبان ٹیم کو 192 رنز کی برتری حاصل ہوئی جب کہ کیویز نے دوسری اننگز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 180 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈیکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کے لیے 373 رنز کا مشکل ہدف دیا۔

قومی ٹیم کے بلے باز دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنے لیے میدان میں اترے تو ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے دونوں اوپنرز شان مسعود اور عابد علی کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا جس کے بعد حارث سہیل دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور 9 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ چوتھے روز کے اختتام پر اظہر علی 34 اور فواد علم 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

اس سے قبل ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 431 رنز  بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، کیوی کپتان کین ولیمسن 129 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ بی جے واٹلنگ 73،  راس ٹیلر 70 اور ہینری نکولس 56 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، یاسر شاہ نے 3 جب کہ فہیم اشرف، محمد عباس اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑاگئی اور ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ایک موقع پر پاکستان کی 6 وکٹیں 80 رنز پر گرگئی تھیں، شان مسعود 10، اظہر علی 5، حارث سہیل 3، فواد عالم 9 اورعابد علی 25 رنز ہی بناسکے تاہم کپتان محمد رضوان اور آل راؤنڈر فہیم اشرف نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فالو آن سے بچایا۔ دونوں بالترتیب 71 اور 91 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان محمد رضوان اور فہیم اشرف کے درمیان 107 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی اس دوران دونوں بلے بازوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم بدقسمتی سے محمد رضوان 71 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ اور کائل جمیسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایک وکٹ نیل ویگنار کے حصے میں آئی۔