زمبابوے کیخلاف سیریز میں کم ازکم 4-1سے فتح درکار ہوگی۔
عالمی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کی پانچویں پوزیشن دائو پر لگ گئی، زمبابوے کیخلاف سیریز میں کم ازکم 4-1سے فتح درکار ہوگی۔
رواں ماہ 7ٹیمیں ون ڈے سیریز کھیلنے میں مصروف ہوں گی، اس دوران رینکنگ میں تبدیلیوں کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا، ابھی انگلینڈ 126پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، اس کے بعد دیگر ٹاپ 13 میں بالترتیب بھارت (122)، جنوبی افریقہ (113)، نیوزی لینڈ (112)، پاکستان (102)، آسٹریلیا (100)، بنگلہ دیش (93)، سری لنکا (77)، ویسٹ انڈیز (69)، افغانستان (63)، زمبابوے (55)، آئرلینڈ (38)، اسکاٹ لینڈ (28) اور یواے ای (18) شامل ہیں، پانچویں پوزیشن پر موجود گرین شرٹس کو تنزلی سے بچنے کیلیے جمعے کو شروع ہونے والی سیریز میں 4-1 سے فتح پانا ہوگی۔
دوسری جانب اسی مارجن سے جیت کی صورت میں زمبابوے کو افغانستان سے آگے نکلنے کا موقع ملے گا، بھارت انگلینڈ کو 3-0سے ہراتے ہوئے دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہوسکتا ہے،جنوبی افریقہ کو تیسری پوزیشن بچانے کیلیے سری لنکا کو 5-0سے کلین سوئپ کرنا ہوگا،بنگلہ دیش، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کیلیے بھی اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا موقع ہوگا۔
بیٹسمینوں کی رینکنگ میں بھارتی ویرات کوہلی اپنی ٹاپ پوزیشن مستحکم بنانے کیلیے کوشاں ہونگے،دوسرے نمبر پر موجود بابر اعظم 96 پوائنٹس کا خسارہ کم کرنے کی کوشش کریں گے۔
بولرز میں سرفہرست جسپریت بمرا انجری کی وجہ سے انگلینڈ کیخلاف سیریز سے باہر ہوچکے ہیں،ان کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حسن علی تیسری پوزیشن سے ٹاپ پر جگہ بنانے کیلیے پر تول رہے ہوں گے، دونوں کے درمیان 76پوائنٹس کا فرق ہے،دوسرے نمبر پر موجود راشد خان پاکستانی پیسر سے 52پوائنٹس آگے لیکن اس دوران ایکشن میں نہیں ہونگے۔