news
English

پاک سری لنکا سیریز؛ پی سی بی کی کوارڈنیشن کمیٹی کا اجلاس طلب

وسیم خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس مہمان ٹیم کے سکیورٹی انتظامات سمیت ہر ڈیپارٹمنٹ اپنی تیاریوں پر بریفنگ دے گا

پاک سری لنکا سیریز؛ پی سی بی کی کوارڈنیشن کمیٹی کا اجلاس طلب فوٹو: فائل

سری لنکا کے ساتھ ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کوارڈنیشن کمیٹی کا اہم اجلاس بدھ کو لاہور میں طلب کیا گیا ہے۔

وسیم خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس مہمان ٹیم کے سکیورٹی انتظامات سمیت ہر ڈیپارٹمنٹ اپنی تیاریوں پر بریفنگ دے گا اور مختلف تجاویز پر مشاورت ہوگی۔ شائقین کرکٹ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کب شروع ہوگی، ٹکٹ کی قیمت کیا رکھی جائے، اس پر بھی حتمی فیصلہ بدھ کےاجلاس میں ہی متوقع ہے۔

ذرائع کےمطابق مہمان ٹیم کو صدارتی لیول کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، سری لنکن ٹیم کی 25 ستمبر کو کراچی آمد متوقع ہے، اگلے روز دونوں ٹیموں کے کھلاڑی نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے کپتان بھی 26 ستمبر کو پریس کانفرنس کریں گے۔ 27 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کھیلاجائے گا دوسرا ون ڈے میچ 29 اور تیسرا 2 اکتوبر کو رکھا گیا ہے۔

3 اکتوبر کو دونوں ٹیمیں لاہور کی اڑان بھریں گے، 4 اکتوبر کو پریکٹس سیشن طے کیا جارہاہے، قذافی اسٹیڈیم میں 5 اکتوبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی کا میلہ سجے گا۔ 7 اکتوبر کو دوسرا جبکہ 9 اکتوبر کو تیسرا ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکن اور پاکستانی اسٹارز ایکشن میں دکھائی دیں گے۔