news
English

سرفراز احمد کو ٹیسٹ قیادت چھوڑنے کیلیے احسان مانی منائیں گے

ورلڈکپ کے بعد سرفراز احمد کی قیادت اور ذاتی کارکردگی پر سوالات اٹھائے گئے تھے

سرفراز احمد کو ٹیسٹ قیادت چھوڑنے کیلیے احسان مانی منائیں گے تصویر: اے ایف پی

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی آئندہ ہفتے سرفراز احمد سے ملاقات میں اہم فیصلے متوقع ہیں جب کہ وکٹ کیپر کو محدود اوورز میں لائف لائن دیتے ہوئے ٹیسٹ کپتانی ازخود چھوڑنے کیلیے منایا جائے گا۔

ورلڈکپ کے بعد سرفراز احمد کی قیادت اور ذاتی کارکردگی پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔ اس کے باوجود پی سی بی نے سری لنکا سے سیریز کیلیے ان پر اعتماد برقرار رکھا،آئی لینڈرز سے کلین سوئپ کے بعد اب ایک بار پھر میڈیا اور سوشل میڈیا پر ان کی قیادت خطرے میں ہونے کی اطلاعات گردش میں ہیں، البتہ پی سی بی فوری طور کوئی بڑا قدم اٹھانے کے حق میں نہیں۔

ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کو کم ازکم نومبر میں شیڈول دورئہ آسٹریلیا تک ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ اگلے ہفتے سرفراز احمد کی چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے ملاقات میں ٹیسٹ کپتانی کے حوالے سے کوئی فیصلہ ہو جائے گا،بورڈ کے سربراہ ان کا اعتماد بحال کرنے کے علاوہ ایک فارمیٹ کا بوجھ کم کرنے کی بات بھی کریں گے۔

سرفراز احمد اتوار کو فیصل آباد میں شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سندھ کی قیادت کررہے ہیں،آسٹریلیا سے سیریز کیلیے قومی ٹیم کا اعلان ایونٹ کا پہلا راؤنڈ مکمل ہونے پر ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کپتانی کے معاملے میں بھی کسی نتیجے تک پہنچنا آسان نہیں، بابر اعظم کوکوئی تجربہ نہیں، دوسرا آپشن اظہرعلی ہیں، ہمیشہ ہی مشکل ترین ثابت ہونے والے دورئہ آسٹریلیا میں ٹیم کے ساتھ نیا کپتان بھی سخت دباؤ میں ہوگا، ماضی میں کینگروز کے دیس میں ناکامیاں کئی کپتانوں کا مستقبل داؤ پر لگا چکی ہیں۔

اتوار کے روز فیصل آباد میں شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق اور صوبائی کوچز مستقبل کیلیے ٹیلنٹ ڈھونڈیں گے، وہ بہتر قائدانہ صلاحیتیں رکھنے والے کرکٹرز کی فہرست بھی تیار کریں گے۔