news
English

پی ایس ایل کے نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا تقرر ہو گا

پی ایس ایل کے نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا تقرر ہو گا جب کہ نائلہ بھٹی نے پی سی بی کو چھوڑنے کا ذہن بنا لیا۔

پی ایس ایل کے نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا تقرر ہو گا PHOTO COURTESY: PCB

پی ایس ایل کے نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا تقرر ہو گا جب کہ نائلہ بھٹی نے پی سی بی کو چھوڑنے کا ذہن بنا لیا۔

سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اپنی قریبی شخصیت نائلہ بھٹی کو ڈائریکٹر مارکیٹنگ کے ساتھ پی ایس ایل کا پروجیکٹ ڈائریکٹر بھی مقرر کر دیا تھا، ان کے دور میں وہ  بھرپور اختیارات کی مالک تھیں، نجم سیٹھی کے جانے پر نائلہ بھٹی چھٹیوں پر چلی گئیں مگر چند روز بعد دوبارہ کام شروع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق وہ اب بورڈ میں خود کو زیادہ آرام دہ محسوس نہیں کر رہیں اور عہدہ چھوڑنے کا ذہن بنا چکی ہیں، نئے چیئرمین احسان مانی نے ان سمیت تمام ملازمین کو یقین دلایا تھا کہ وہ کسی کو انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنائیں گے، اب تک انھوں نے حقیقتاً ایسا ہی کیا ہے، سابقہ بورڈ چیف کی تمام قریبی شخصیات بورڈ میں برقرار ہیں۔

چیئرمین کے پی ایس عماد حمید کو تو قومی ٹیم کا میڈیا منیجر تک بنا کر ایشیا کپ میں یو اے ای بھیج دیا گیا تھا، البتہ نائلہ بھٹی کی ’’طوفانی ترقی‘‘ پر آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں بھی اعتراض اٹھ چکا، اسی کے ساتھ ان کی تعلیمی قابلیت بھی ڈائریکٹر کی پوسٹ سے کم ہے، وہ خود جانتی ہیں کہ آج نہیں تو کل مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا اس لیے بورڈ کو چھوڑنے کا ذہن بنا چکیں۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکام اس بات سے واقف ہیں، اگر نائلہ نے رواں ماہ ہی عہدہ چھوڑ دیا تو پی سی بی میڈیا میں اشتہار دے کر نئے پی ایس ایل  پروجیکٹ ڈائریکٹر کا تقرر کرے گا، البتہ ایونٹ سے ایک، ڈیڑھ ماہ قبل نائلہ کے جانے پر ذاکر خان، ہارون رشید اور عثمان واہلہ میں سے ہی کسی کو اضافی ذمہ داری سونپ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے  براڈ کاسٹنگ، ٹائٹل اسپانسر شپ و دیگر رائٹس کی فروخت کا وقت بھی جلد آنے والا ہے، لہذا بورڈ کو جلد اہم اقدامات کرنے ہونگے۔