news
English

وریندر سہواگ نے پاک بھارت کرکٹ کیلیے آواز اٹھا دی

سابق بھارتی اوپنر نے مزید کہا کہ بطور کرکٹرز بھی ہم چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ آگے بڑھے لیکن اس کا تمام تر دارومدار حکومت پر ہے،

وریندر سہواگ نے پاک بھارت کرکٹ کیلیے آواز اٹھا دی PHOTO: AFP

سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ نے پاک بھارت کرکٹ کیلیے آواز اٹھا دی۔

دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وریندر سہواگ نے کہا کہ پاکستان میری فیورٹ ٹیم رہی جس کیخلاف کھیل کر میں ہمیشہ لطف اندوز ہوا،انھوں نے مزید کہاکہ ہر ملک کو ایک دوسرے کیخلاف کھیلتے رہنا چاہیے، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں جب بھی میدان میں مدمقابل آئیں تو ہر کوئی ان میچز کو دیکھنا چاہتا ہے، مجھے امید ہے ہماری حکومت ہمسایہ ملک سے کرکٹ کھیلنے پر جلد بات چیت شروع کرے گی۔

سابق بھارتی اوپنر نے مزید کہا کہ بطور کرکٹرز بھی ہم چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ آگے بڑھے لیکن اس کا تمام تر دارومدار حکومت پر ہے، اگر انھوں نے فیصلہ کرلیا تو پھر باہمی سیریز کا انعقاد ممکن ہوسکتا ہے، انھوں نے پاکستان ٹیم کیخلاف اپنی بہترین یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس کیخلاف ملتان ٹیسٹ میں 309 کی اننگز کھیلی، لاہور میں بھی 254 رنز بنائے، کئی دیگر اہم اننگز بھی کھیلی ہیں لہذا اگر مجھ سے پوچھیں تو میں پاکستان کو ہی اپنی فیورٹ حریف ٹیم کہوں گا، جس کیخلاف میں نے کھیل کر لطف پایا۔

دوسری جانب پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھی سہواگ کی طرح دونوں ملکوں میں باہمی سیریزکی حمایت کر دی۔ انھوں نے کہا کہ روایتی حریفوں کے مقابلے ہمیشہ سے بہت اہم رہے ہیں، میں ہمیشہ پاکستان اور بھارت میں مثبت تعلقات کو دیکھنا چاہتا ہوں اور اسپورٹس خصوصاً کرکٹ اس میں بہت اہم ہیں، مجھے پورا اعتماد ہے کہ مستقبل میں دونوں ملکوں میں اچھے تعلقات ہوں گے اور کرکٹ سیریز بھی بحال ہوجائے گی۔