news
English

پی سی بی میں سی ای او کا تقرر، غورو خوص شروع

اعلیٰ حکام مختلف شخصیات کے ناموں پر غور کر رہے ہیں

پی سی بی میں سی ای او کا تقرر، غورو خوص شروع PHOTO: AFP

 پی سی بی میں سی ای او کے تقرر کیلیے غوروخوص شروع ہو گیا۔

پی سی بی میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر لانے کیلیے ابتدائی کام شروع ہو گیا ہے، اعلیٰ حکام مختلف شخصیات کے ناموں پر غور کر رہے ہیں،گوکہ یہ عہدہ مشتہر کیا جائے گا البتہ اس سے پہلے ہی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ کون ذمہ داری سنبھالنے کیلیے موزوں رہے گا۔

ذرائع کے مطابق سابق کرکٹرز کی فہرست پر نظر دوڑانے کے بعد حکام کو بہت کم ہی مطلوبہ اہلیت پر پورا اترتے دکھائی دیے۔ رمیز راجہ ماضی میں بھی  چیف ایگزیکٹیو رہ چکے مگر اب سابقہ تجربے اور کمنٹری کی مصروفیات کے سبب دوبارہ یہ ذمہ داری سنبھالنے میں دلچسپی نہیں رکھتے، وسیم اکرم کم پڑھے لکھے ہونے کے باوجود انگریزی اچھی طرح بول لیتے ہیں البتہ لکھنے میں ویسی اہلیت نہیں رکھتے، ساتھ مشکوک ماضی بھی انھیں کوئی بڑی ذمہ داری سونپنے سے روکتا ہے۔

رمیز اور وسیم سے گزشتہ دنوں دبئی میں احسان مانی کی ملاقات ضرور ہوئی البتہ سی ای او کے حوالے سے بات نہیں ہوئی تھی،بعض حلقے عامر سہیل کو اس پوسٹ پر لانا چاہتے ہیں مگر ان کا سخت مزاج زیادہ لوگوں کو پسند نہیں ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ زیادہ امکان یہی ہے کارپوریٹ  پس منظر کے حامل کسی شخص کو ہی یہ ذمہ داری سونپی جائے گی۔واضح رہے کہ احسان مانی چیئرمین کے اختیارات کم کرتے ہوئے سی ای اوکے تقررکا پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں، تجویز پر عمل کی صورت میں چیئرمین کا عہدہ محض علامتی رہ جائے گا جس کے پاس زیادہ اختیارات نہیں ہوں گے، تقرریوں، برطرفیوں اور دیگر پالیسی فیصلے سی ای او ہی کرے گا۔